کترینہ کیف گھر کے بجٹ پر میٹنگ کیوں کرتی ہیں؟

بالی ووڈ باربی ڈول کترینہ کیف شادی کے بعد سے ہر ہفتے اپنے گھر کے بجٹ کے حوالے سے میٹنگ کرتی ہیں، جبکہ ان کے شوہر وکی کوشل کو اداکارہ کی یہ عادت بہت اچھی لگتی ہے اور وہ اسے انجوائے کرتے ہیں۔

وکی اور کترینہ نے ایک دوسرے کو کچھ عرصہ ڈیٹ کرنے کے بعد دسمبر 2021 میں شادی کی تھی، اُن کی شادی ریاست راجستھان میں ہوئی جہاں اُن کی فیملی اور قریبی دوستوں نے شرکت کی، شادی کے بعد اُن دونوں کا شمار بالی وُڈ کے مشہور جوڑوں میں ہونے لگا ہے۔

اداکار نے ’نیوز تک‘ کو دیئے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سب سے مزیدار لمحہ وہ ہوتا ہے جب وہ (کترینہ) گھر میں ہر ہفتے یا ہر دوسرے ہفتے میٹنگ رکھتی ہے، وہ سب چیزوں پر بات کرتی ہے اور گھر کے بجٹ کے بارے میں گفتگو کرتی ہے، وہ یہ دیکھتی ہے کہ پیسے کس چیز پر خرچ ہو رہے ہیں، خرچہ کیا ہے، یہ ایک بہترین بات ہے۔

اداکار مزید کہتے ہیں کہ جب اس بارے میں گفتگو ہوتی ہے تو میں انجوائے کرتا ہوں، میں تماشائی کی طرح پاپ کارن لے کر بیٹھ جاتا ہوں، دوسری جانب وکی کوشل کی اداکارہ سارہ علی خان کے ساتھ نئی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے۔

فلم نے اپنی ریلیز کے چوتھے دن انڈیا بھر سے 4 کروڑ 14 لاکھ انڈین روپوں کا کاروبار کیا جس کے بعد اس کا مجموعی کاروبار 26 کروڑ انڈین روپے ہوگیا، اس سے قبل کترینہ کیف نے بھی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری میں فلم کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ سنیما میں نمائش جاری ہے۔ پوری ٹیم کو مبارک ہو۔ یہ وہ فلم ہے جسے بہت دل سے بنایا گیا ہے۔اس کے جواب میں وکی کوشل نے اپنی اہلیہ کی سٹوری کو انسٹاگرام پر ری شیئر کرتے ہوئے فلم کا گانا ’’پھر اور کیا چاہئے‘‘ بھی لکھا تھا۔

واضح رہے کہ وکی کوشل کی نئی فلم ’’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘‘ سینمائوں میں ریلیز ہوچکی ہے، فلم میں سارہ علی خان اور وکی کوشل مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، فلم نے اب تک بھارت میں 30 کروڑ کا سنگ میل عبور کر لیا ہے جبکہ کمائی کا یہ سلسلہ ابھی جاری ہے، دونوں اداکاروں کے مداح کافی عرصہ سے اس فلم کا انتظار کر رہے تھے۔

Back to top button