کراچی:گاڑی ملیر ندی میں بہنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق

کراچی کی ملیر ندی میں گاڑی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جان کی بازی ہارگئے، ندی میں تیز بہائو کی وجہ سے گاڑی ریلے میں بہہ گئی، بدھ کی رات کراچی حیدرآباد ایم نائن موٹر اور نیشنل ہائی وے کو ملانے والی شاہراہ لنک روڈ پر ملیر ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث گاڑی کو نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق کار سوار کراچی کے علاقے قائد آباد سے حیدرآباد واپس جانے کے لیے نکلے تھے کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ کار میں ڈرائیور کے علاوہ ایک مرد اور خاتون سمیت بچے سوار تھے۔
منگل کے روز کراچی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے کراچی حیدرآباد موٹر وے پر برساتی پانی کے ریلے نے ناصرف بحریہ ٹاؤن کو متاثر کیا بلکہ کیرتھر سے گڈاپ اور گڈاپ سے ملیر تک کے تمام راستے برساتی پانی کے ریلوں کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔
مختلف مقامات پر انتظامیہ نے ٹریفک کے لیے سڑکیں بھی بند کر دی تھیں، لنک روڈ کے قریب واقع گوٹھ کے رہائشی قیوم باٹ نے بتایا کہ عبدالرحمان نامی ڈرائیور نے مقامی لوگوں کے منع کرنے کے باوجود ایم نائن موٹر وے کو نیشنل ہائی وے سے ملانے والی لنک روڈ کے ذریعے ملیر ندی پار کرنے کی کوشش کی تھی، لنک روڈ دراصل ملیر ندی کے درمیان سے گزرتی ہے۔
حادثے کے مقام سے چند گز دور ندی پر پل موجود ہے لیکن ملیر ندی سے اس قدر ریتی بجری چرائی گئی ہے کہ اس پل کی بنیادیں ہی کھوکھلی ہو چکی ہیں۔کئی برسوں سے یہ پل ٹریفک کے لیے بند ہے۔ لوگ مجبوراً جان پر کھیل کر لنک روڈ پر ملیر ندی کے اندر سے گزرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ برسات کے موسم میں یہاں اکثر حادثات ہوتے ہیں لیکن لنک روڈ پر ملیر ندی پر پل بنانے میں انتظامیہ کی دلچسپی نظر نہیں آتی۔
یاد رہے کہ علاقہ پولیس نے گاڑی کے ملیر ندی میں گرنے کی تردید کی تھی۔ لیکن مقامی افراد اور ریسکیو اداروں کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے گاڑی ملنے پر اب پولیس موقع پر موجود ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
