کراچی: رینجرز کی گاڑی کے قریب کریکر دھماکا، ایک اہلکار شہید

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل میں نصب بم کے دھماکے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید اور دو اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) غربی سوہائے عزیز نے کہا کہ دھماکے میں بظاہر رینجرز کو ہدف بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ رینجرز اہلکار گاڑی میں علاقے سے گزر رہے تھے کہ موٹر سائیکل نصب میں بم کا دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں رینجرز کے 3 اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوئے۔سوہائے عزیز کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں رینجرز کا ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے طلب کیا گیا۔اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) مومن آباد گل محمد اعوان نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں پارک موٹر سائیکل میں بم نصب کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اہلکار جب علاقے سے گزرے تو بم کو ریموٹ سے اڑا دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں ٹریفک پولیس کے ایک سیکشن افسر اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کا ایک کانسٹیبل بھی شامل ہیں۔ایس ایچ او نے کہا کہ تفتیش کار علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ مشتاق احمد مہر نے رینجرز کی موبائل کے قریب دہشت گردی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی غربی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ادھر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کریکر دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی اور انھیں ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا۔ذرائع کے مطابق ابھی کسی تنظیم یا گروہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملے نے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں ناصر، حنیف، اعجاز، عرفان، محبوب، یاسر اور وقاص شامل ہیں تاہم شہید ہونے والے رینجرز اہلکار کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button