کرونا سے مزید 75 جاں بحق ، 3 ہزار سے زائد کیس

پاکستان میں کرونا کی چوتھی لہر تاحال برقرار ہے جہاں ایک دن میں مزید 75 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ملک بھر میں کرونا کے باعث ہونے والی اموات کی تعداد 24 ہزار 923 ہو گئی ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 53 ہزار 527 کرونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 3 ہزار 842 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے اور کرونا مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 1 فیصد رہی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 23 ہزار 812 ہو گئی ہے ، اب تک سب سے زیادہ کرونا کیسز صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 810 ہوچکی ہے ، صوبہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 365 ہے ۔
صوبہ پنجاب میں 3 لاکھ 79 ہزار 574 جب کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 96 ہزار 30 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ، اسی طرح صوبہ بلوچستان میں 31 ہزار 819 ، آزاد کشمیر میں 30 ہزار 597 اور گلگت بلتستان میں اب تک 9 ہزار 617 مریضوں میں کرونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں عالمی وباء کرونا وائرس کے سبب سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 11 ہزار 527 افراد اس وباء کی وجہ سے جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ صوبہ سندھ میں یہ تعداد 6 ہزار 590 بتائی گئی۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 772 شہری کرونا سے لقمہ اجل بن گئے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 851 ، گلگت بلتستان میں 170 ، صوبہ بلوچستان میں 335 اور آزاد کشمیر میں اب تک 678 افراد کرونا کی وجہ سے انتقال کرچکے ہیں۔
