کشمش کو روزانہ بھگو کر کھانے کے یہ اثرات جانتے ہیں؟

انگور خشک ہوکر کشمش کی شکل اختیار کرلیتے ہیں اور اس عمل کے دوران پھل میں پائے جانے والے غذائی اجزا اور مٹھاس کشمش میں اکٹھے ہوجاتے ہیں۔اسی وجہ سے کشمش کو غذائی اجزا اور کیلوریز سے بھرپور میوہ خیال کیا جاتا ہے۔یہ میوہ ہر جگہ آسانی سے دستیاب ہوتا ہے اور چونکہ اس میں مٹھاس اور کیلوریز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو معتدل مقدار میں اس کا استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے۔

کشمش میں پروٹین، فائبر، قدرتی شکر، کاربوہائیڈریٹس، آئرن، پوٹاشیم، کاپر، وٹامن بی 6 اور مینگنیز سمیت متعدد غذائی اجزا موجود ہوتے ہیں۔بیشتر افراد کشمش کو بھگو کر کھانا پسند کرتے ہیں مگر اس سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے یا نہیں؟

کشمش میں قدرتی شکر موجود ہوتی ہے جو چینی سے بنی اشیا کھانے کی خواہش کو کم کرتی ہے۔پانی میں بھگو کر کشمش کے استعمال سے بلڈ شوگر کی سطح مستحکم ہوتی ہے اور اضافی کیلوریز جسم کا حصہ نہیں بنتی، جس سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

کشمش میں فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ پانی میں بھگو کر اسے کھانے بلکہ اس پانی کو پینے سے قبض سے نجات میں مدد ملتی ہے جبکہ نظام ہاضمہ کے افعال بہتر ہوتے ہیں۔

Back to top button