’’کنگ خان کے ورلڈکپ ٹرافی کیساتھ محبت بھرے انداز کے چرچے‘‘

آئی سی سی نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کیساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کی تصویر شئیر کر دی جس کو مداحوں کی جانب سے کافی سراہا جا رہا ہے، ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی کے ساتھ شاہ رخ خان کی تصویر آئی سی سی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر شیئر کی۔
آئی سی سی کی شیئر کردہ تصویر کے ساتھ شاہ رخ خان کو کنگ خان کہا گیا اور ساتھ ہی ’یہ بس یہیں ہے‘ کا کیپشن بھی دیا گیا، یہ شاہ رخ کی میراث ہے کہ آئی سی سی نے انہیں کنگ خان تسلیم کیا اور ورلڈ کپ ٹرافی کی نقاب کشائی کرنے والے انڈیا کے سب سے بڑے چہرے سے بہتر اور کون ہوگا۔
دکشا سنگھ نے انسٹاگرام پر کمنٹ کرتے ہوئے بالی ووڈ اداکار کے ٹرافی کو دیکھنے کے انداز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’انوشکا شرما نے ٹھیک کہا تھا کہ شاہ رخ خان کسی بے جان چیز سے بھی رومانس کر سکتے ہیں۔
انسٹا گرام پر ہر ادتیہ نامی صارف نے ٹرافی کی طرف سے ایک مشورہ دے ڈالا اور کہا کہ اتنی شدت سے مت دیکھو، ہمارا ساتھ بس سیمی فائنل تک کا ہے تاہم ان سب میں ایک پاکستانی صارف بھی میدان میں آئے اور انہوں نے لکھا اگر شاہ رخ خان نے ٹرافی رکھنی ہے تو رکھ لیں ورنہ انڈین ٹیم کو تو ہم پاکستانی یہ ٹرافی لینے نہیں دیں گے، لیکن شاہ رخ کے لیے کچھ بھی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی ٹرافی 27 جون سے شروع ہونے والے ٹرافی ٹور میں 18 ملکوں کا دورہ کرے گی، ٹرافی اس وقت پاپوا نیو گنی میں ہے، جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈکپ ٹرافی 31 جولائی سے چار اگست تک پاکستان لائی جائے گی۔