کوئٹہ: جناح روڈ پر دھماکے میں 4 افراد ہلاک، 13 زخمی
کوئٹہ دھماکے
بلوچستان میں دہشت گردی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اب ایک تازہ واقعے میں جناح روڈ پر سائنس کالج کے قریب بم دھماکے کی اطلاعات ہیں جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ جمعرات کی رات ایک گاڑی کے قریب ہوا۔ کوئٹہ کے ڈی آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ایک گاڑی کے قریب ہوا اور اس کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر موجود ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی مشیر داخلہ کو شہرکا سکیورٹی پلان مزید مؤثربنانےکی ہدایت بھی کی ہے۔ ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا مزید تحقیقات کررہے ہیں، دہشت گردوں کا مقصد عوام کو نشانہ بنانا ہے۔ امن کے دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے، دہشت اور وحشت پھیلانے والے باہمت قوم کےحصلے پست نہیں کرسکتے، سال نو پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
