کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والے حب ندی پل کے گرنے کا خدشہ

کوئٹہ کو کراچی سے ملانے والے حب ندی پل کی بنیادیں ہلنے کے بعد اس کے گرنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے.کراچی میں بارشوں کے بعد حب ندی پر تعمیر کیے گئے پل کے پلرز کو سپورٹ کرنے والی کی دیواریں گر گئی ہیں جس سے پل کے کمزور ہونے کا خدشہ پیدا ہے۔
حب چوکی کے قریب حب ندی پر بنائے جانے والے پل کے پلر حالیہ بارشوں میں متاثر ہوئے ہیں اور تین پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئی ہیں جب کہ دیگر کی حالت مخدوش ہے۔ پلرز کی تشویشناک حالت سے متعلق شہری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کی اور حکومت سے دیواروں کی دوبارہ تعمیر کرنے اور پل کا تکنیکی معائنہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے اس پل سے حب اور کراچی کے درمیان ہیوی ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ گزرتی ہے۔
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کاکہنا ہےکہ پل کی خستہ حالی کا نوٹس لے لیاگیا ہے اور صورتحال سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کو آگاہ بھی کر دیاگیا ہے۔لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ پل کی مرمت کی ذمہ داری نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ہے، پل این ایچ اے نے تعمیر کیا ہے تو مرمت بھی ان کی ذمہ داری ہے، ضلعی انتظامیہ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ پل سے زیادہ ٹریفک کو نہ گزارا جائے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے حب پل کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق پل کے اسٹرکچر میں تکنیکی طور پر کوئی مسئلہ نہیں، پل ساخت اور اسٹرکچرکےلحاظ سے مستحکم ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ این ایچ اے نے سال 2017-18 میں پہلے ہی سے ستونوں کے اردگرد جیکٹنگ کرائی ہے، ایک اہم مسئلہ ٹریکٹر مافیا ہے جو ریت اوربجری غیرقانونی جمع کرتا ہے، انتظامیہ کو پل کے نیچے ریت جمع کرنے پرپابندی عائد کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button