معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

 

 

 

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتےہوئے اسے قومی عزم،عسکری مہارت اور اتحاد کی علامت قرار دیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جرات مندانہ فیصلوں کو معرکۂ حق کی کامیابی میں کلیدی قرار دیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور فضائیہ کے شاہینوں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے دفاع وطن میں تاریخی کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے،دشمن کی جارحیت کا بھرپور لیکن متوازن جواب دےکر دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا پیغام دیا۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے،پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش آبی دہشت گردی ہے،پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ افغانستان اپنی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کےخلاف دہشت گردی کےلیے استعمال نہ ہونے دے۔

صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے،ایران امریکا تنازع کے پُرامن حل کےلیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہاکہ معرکۂ حق اللہ کے انعامات پر شکر کا دن ہے،پاکستان نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء فولادی دیوار بن کر وطن کے دفاع میں ڈٹے رہے۔بری، بحری، فضائی اور سائبر محاذ پر افواج نے پاکستان کو ناقابل تسخیر قوت بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو نہ مرعوب کیا جاسکتا ہے نہ جھکایا جاسکتا ہے، دشمن کی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان نے فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف کی حکمتِ عملی کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سرحدوں کے دفاع کےلیے چوکس ہے،پاکستان خوارج اور فتنہ الہندوستان کے خاتمے تک ثابت قدم رہےگا، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں استحکام ممکن نہیں،پاکستان کشمیری عوام کے حق آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔

دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک ہوں گے : فیلڈ مارشل

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ذمہ دار ملک کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے، پاکستان عالمی امن اور استحکام کا ضامن بن کر ابھرا ہے، امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا ثالثی کردار دنیا بھر میں سراہا گیا، پاکستان امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

 

Back to top button