ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ، سالانہ شرح 9.11 فیصد ہوگئی

وفاقی ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق اگست 2026 کے دوسرے ہفتے کے دوران ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کےبعد سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 9.11 فیصد تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کےمطابق 51 اشیائے ضروریہ میں سے ایک ہفتے کے دوران 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی جب کہ 22 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کےمطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں 24.68 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا،جب کہ چنے کی دال 3.35 فیصد اور مرغی 2.45 فیصد مہنگی ہوئی، ایل پی جی کی قیمت میں بھی 0.67 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، جب کہ چائے، سرسوں کا تیل،دہی اور مسور کی دال بھی مہنگی ہونےوالی اشیا میں شامل ہیں۔
سالانہ بنیاد پر ٹماٹر کی قیمت میں 143.77 فیصد کا غیرمعمولی اضافہ ہوا، جب کہ پیاز 125.75 فیصد اور گندم کا آٹا 77.41 فیصد مہنگا ہوا۔
وفاقی ادارہ شماریات کےمطابق ہفتہ وار بنیاد پر پیٹرول کی قیمت میں 2.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی،جو بڑی کمی قراردی گئی ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی منظوری دے دی
ٹماٹر کی قیمت میں 1.26 فیصد،آلو 0.73 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 0.29 فیصد کمی ہوئی۔ کیلے،مونگ کی دال،انڈے اور چینی بھی سستی ہونےوالی اشیا میں شامل ہیں۔
رپورٹ کےمطابق ایک سال کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں 55.41 فیصد، ڈیزل 34.05 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 23.02 فیصد اضافہ ہوا، کیلے، مرچ پاؤڈر،مٹن اور بیف کی قیمتوں میں بھی دو ہندسوں کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
سالانہ بنیاد پر آلو کی قیمت میں 30 فیصد کمی ہوئی، جب کہ چینی 17.93 فیصد اور مرغی 17.45 فیصد سستی ہوئی۔ چنے کی دال، انڈوں اور مونگ کی دال کی قیمتوں میں بھی سالانہ بنیاد پر کمی ریکارڈ کی گئی۔
