حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی منظوری دے دی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی کی منظوری دے دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر غور کیاگیا اور موٹر سپرٹ (ایم ایس) اور ہائی سپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) پر ڈیلرز کے مارجن میں نظرثانی سے متعلق معاملے پر تفصیلی غوروخوض کیاگیا۔
ای سی سی کی منظوری کے بعد ڈیلرز مارجن ایک روپیہ 34 پیسے اضافے کے ساتھ فی لیٹر 9 روپے 98 پیسے ہوگیا ہے۔ اس کے قبل ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن 8 روپے 64 پیسے تھا۔
وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی تصدیق کرتےہوئے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یاد رہےکہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 15 اگست سے غیرمعینہ مدت تک ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا۔ایسویسی ایشن نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں اسی “ہڑتال کی دھمکی” کو ڈیلرز مارجن میں اضافے کی بینادی وجہ قراردیا۔
بیان میں مزید کہا گیاتھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے تلخ مذاکرات کے بعد پیٹرولیم وزیر نے ٹیلی فون پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش سے رابطہ کیا اور انہیں بتایاکہ وزیراعظم نے ڈیلرز کے مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دےدی ہے۔
