وزیراعظم کی صدر سے ملاقات، سہ ملکی دفاعی معاہدے پر تبادلہ خیال

 

 

 

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مابین طے پانے والے دفاعی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے تاریخی دفاعی معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

صدر مملکت نے دفاعی تعاون،علاقائی امن و استحکام اور امت مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے حوالے سے سہ فریقی امن معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط تزویراتی شراکت داری میں ڈھالنے کےلیے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔

دفاعی معاہدے کے تحت ترکیہ، سعودیہ اور پاکستان مشترکہ فوجی مشقیں کریں گے: ترک وزارت دفاع

ملاقات میں داخلی اور خارجی امور سمیت فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کےخلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیاگیا اور وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

صدر مملکت نے موجودہ علاقائی صورت حال کےتناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے،اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل فراہمی اور انہیں مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کےلیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے امید کا اظہار کیا کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کےلیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے ملک کے عالمی مقام کو مزید تقویت ملےگی اور اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر مرتب ہوں گے۔

Back to top button