دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک ہوں گے : فیلڈ مارشل

 

 

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی خطر ناک، دُور رس اور تکلیف دہ ہوں گے۔ معرکہ حق صرف دو ممالک کے درمیان جنگ نہ تھی بلکہ یہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں دشمن کو عبرت ناک شکست دی گئی۔

جی ایچ کیو میں معرکہ حق کی یاد میں منعقد کی گئی خصوصی تقریب سے خطاب کرتےہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہم سب کےلیے باعث افتخار ہے، ایک سال قبل ہمیں بےمثال کامیابی ملی،دشمن نے ہمارے قومی عزم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جس کا ہماری فورسز نے منہ توڑ جواب دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ معرکہ حق دو ممالک کے درمیان لڑی جانے والی جنگ نہ تھی یہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا، 6 اور7 مئی کی درمیانی شب سے 10 مئی تک دشمن نے ہمارے قومی وقار کو آزمانے کی ناکام کوشش کی۔یہ معرکہ کوئی اچانک پیش آنے والا معرکہ نہ تھا،ماضی میں بھی دشمن نے پاکستان پر بےبنیاد اور من گھڑت الزامات لگانے کی کوشش کی لیکن معرکہ حق میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، پاکستان کے دشمن کو ہر بار شکست سے دوچار کیاگیا۔

چیف آف آرمڈ فورسز کا کہنا تھا کہ ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کو عسکری جارحیت اور سفارتی تنہائی کا نشانہ بنائے،ہندوستان کا خواب ہے وہ پاکستان کو تنہائی کا نشانہ بنا کر خطے میں طاقت کا توازن تبدیل کرے،دشمن کا یہ خواب اس کے قد کاٹھ اور صلاحیت سے کہیں زیادہ ہے، ہندوستان کا یہ خواب پاکستان کبھی پورا نہیں ہونے دے گا، دشمن بھول چکا تھا افواج پاکستان نہ پہلے طاقت کے غلبے سے مرغوب ہوئے نہ کبھی ہوں گے۔

فیلڈ مارشل نے معرکۂ حق میں شہید ہونے والی نہتی عورتوں اور معصوم بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتےہوئے کہاکہ اپنے شہداء کی قربانی کو امانت، اپنی طاقت کو ذمہ داری سمجھتے ہیں، اپنی کامیابی کو خدائے بزرگ برتر کا احسان سمجھتے ہیں،عوام اور قومی قیادت کا پیغام ہے ملکی خود مختاری، سرحدی سالمیت، قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ قابلِ قبول نہیں، یہ معرکہ صرف میدان جنگ میں ہی نہیں بلکہ ملکی قومی سطح پر تمام شعبہ جات میں جیتا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پوری قوم دفاع وطن میں سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی،جب بھارتی میزائل گرے تو عوام کا جم غفیر ملک کے دفاع کےلیے امڈ آیا۔ہمارے شیر دل شاہینوں نے دور حاضر کی سب سے طویل نتیجہ خیز جنگ کی مثال قائم کی، شاہینوں نے دشمن کےجدید جنگی جہاز زمین بوس کیے، تنصیبات کو تباہ کیا،شاہینوں نےدشمن کے طیاروں کو زمین تک محدود کردیا، ہندوستان کو اس جنگ کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا،اس نقصان کی قیمت دشمن آنے والے وقتوں تک چکاتا رہےگا۔

انہوں نے کہا کہ فتح میزائلوں اور شاہینوں نے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا، الحمد اللہ! آج پاکستان کا دفاع کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل طور پر ناقابل تسخیر ہے، دشمن جان لے پاکستان کے خلاف آئندہ مہم جوئی کے اثرات محدود نہیں ہوں گے، آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک،دُور رس اور تکلیف دہ ہونگے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ عصرِحاضر اور مستقبل کی جنگیں ملٹی ڈومین آپریشنز پر مشتمل ہوں گی، جنگوں میں دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں، ڈرونز، سائبر اور آرٹیفشل انٹیلیجنس کا استعمال ہوگا۔

انہوں نے امریکا اور ایران کی قیادت بالخصوص امریکی صدر کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس مشکل کام کےلیے پاکستان پر اعتماد کیا ہے،ہم اپنی مخلصانہ کاوشوں سے اس اعتماد پر پورا ہونے کی کوششیں جاری رکھےہوئے ہیں، آج پاکستان موثر،ذمہ دارانہ، غیر جانبدار سفارت کاری سے تاریخی امن مذاکرات کی میزبانی کررہا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہاکہ پاکستان سے روایتی جنگ کو ناممکن تصور کرتےہوئے بھارت پھر دہشت گردی کا سہارا لےرہا ہے، افغانستان سے ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے مراکز اور آماجگاہوں کا مکمل خاتمہ کرے،پاکستانی عوام، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنےوالےاداروں کے باہمت اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں،بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان کو سلام پیش کرتا ہوں جو گزشتہ 2 دہائیوں سے ڈٹ کر دہشت گردی کا مقابلہ کررہے ہیں، ہم ہر بےگناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ لیں گے،دہشت گردی کےخلاف یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کی کوئی بھی داستان کشمیر کے بنا ادھوری ہے،ہر محاذ پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھیں گے۔

سید عاصم منیر نے کہاکہ پاکستان نے اپنی سفارتی کوششوں سے لبنان میں جنگ بندی کرانے میں اہم کردار ادا کیا،ہماری منزل وہ مقام ہے جس کا خواب ہمارے اسلاف نے دیکھا تھا،پاکستان کا سبز ہلالی پرچم امیدکا استعارہ ہے، پاکستان کی مسلح افواج منظم اور ہر لمحہ تیار ہیں، پاکستانی قوم ہماری طاقت ہے اور ہم قوم کی قوت ہیں، پاکستان کا مستقل ان شاء اللہ بہت روشن اور تابناک ہے،جب حق اور باطل مقابل ہوں تو فتح ہمیشہ حق کا مقدر بنتی ہے، پاکستان کل بھی ناقابلِ تسخیر تھا اور آنے والے وقتوں تک ناقابلِ تسخیر رہے گا۔

قبل ازیں مسلح افواج کے سربراہان نے باری باری جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔  یادگار شہدا پر حاضری کے بعد مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے بری، بحری اور فضائی افواج کے سربراہان کو سلامی پیش کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے کہاگیا کہ قوم کی حمایت سے مسلح افواج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کےلیے پوری طرح تیار ہیں، معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، اس کامیابی نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔

 

Back to top button