کورونا کے خوف نے کورونا پر کانفرنس منسوخ کرادی

امریکا میں کورونا سے متعلق ہونے والی ایک کانفرنس کورونا وائرس کے ہی خطرے کے پیش نظر منسوخ کر دی گئی۔
امریکا کی بین الاقوامی تعلقات کی کونسل کے تحت نیویارک شہرمیں ‘کورونا وائرس کی موجودگی میں کاروبار’ کے موضوع پر جمعہ کو ایک گول میز کانفرنس شیڈول تھی لیکن امریکا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں سی ایف آر کے تحت ’کورونا کے خوف کے باوجود کاروبار کیسے کیا جائے‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس ہونا تھی، جس میں شرکا کو وائرس کے پھیلنے کے باوجود کاروبار سے متعلق تدابیر بتائی جانی تھی، تاہم اب اس کانفرنس کو ’کورونا کے خوف‘ کے باعث ہی منسوخ کردیا گیا۔منتظمین کو خوف تھا کہ کانفرنس سے ’کورونا‘ پھیلنے کے امکانات ہیں۔
کانفرنس منسوخ کرنے والی تنظیم نے نہ صرف مذکورہ کانفرنس منسوخ کردی بلکہ تنظیم نے ’کورونا‘ سے متعلق آئندہ ماہ 3 اپریل تک اپنی تمام شیڈولڈ کانفرنسز کو بھی منسوخ کردیا۔
مذکورہ تنظیم کے تحت ’کورونا وائرس‘ سے متعلق نیویارک کے علاوہ واشنگٹن، کیلی فورنیا اور دیگر امریکی ریاستوں اور شہروں میں کانفرنسز ہونا تھی، تاہم تنظیم نے تمام کانفرنسز کو منسوخ کردیا۔
کورونا وائرس کے پیش نظر نہ صرف سی ایف آر نے بلکہ دیگر تنظیموں نے بھی اپنے پروگرامات اور کانفرنسز منسوخ کردی ہیں اور امریکا میں لوگ سب سے زیادہ کورونا وائرس سے خوف زدہ ہو رہے ہیں۔
امریکا میں 11 مارچ کی سہ پہر تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 31 ہوگئی تھی، جن میں سے 31 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دنیا بھر میں 11 مارچ کی دوپہر تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 133 تک جا پہنچی تھی، جن میں سے 81 ہزار کے قریب مریضوں کا تعلق چین سے تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button