کیا دنیا کا پہلا کرکٹ ورلڈ کپ خواتین نے کھیلا تھا؟

عام طور پر خواتین کو کرکٹ کے کھیل سے دور ہی سمجھا جاتا ہے، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ کرکٹ کا پہلا ورلڈکپ 50 سال قبل خواتین کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
کرکٹ کے کھیل کو عام طور پر صرف مردوں سے ہی جوڑا جاتا رہا ہے حالانکہ خواتین کرکٹرز اس کھیل میں اپنا لوہا منوا چکی ہیں مگر اب بھی جو پذیرائی مرد کرکٹرز کو ملتی ہے وہ خواتین کھلاڑیوں کی نہیں ملتی۔
یہی وجہ ہے کہ خواتین کرکٹرز کے میچز کم ہی ٹی وی پر دکھائے جاتے ہیں جب تک کہ ورلڈ کپ جیسا کوئی بڑا ایونٹ نہ ہو، پہلا کرکٹ ورلڈ کپ ویمن ٹیمز کے درمیان 1973 میں کھیلا گیا تھا جبکہ مردوں کا پہلا ورلڈ کپ اس کے دو سال بعد منعقد کیا گیا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ان دنوں تاریخ کے سب سے پہلے ورلڈ کپ کے 50 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے، اسی ورلڈ کپ کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کا افتتاحی میچ کھیلا ہی نہیں جا سکا تھا۔ 20 جون 1973 کو نیوزی لینڈ اور جمیکا کے درمیان انگلینڈ میں کھیلے جانے والا پہلا میچ بارش کے باعث بنا کوئی گیند پھینکے ہی ختم ہو گیا تھا۔
پہلے کرکٹ ورلڈ کپ میں سات ٹیموں نے حصہ لیا تھا جن میں آسٹریلیا، انگلینڈ، انٹرنیشنل الیون، جمیکا، نیوزی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ توبیگو اور ینگ انگلینڈ شامل تھیں۔خواتین کے پہلے ورلڈ کپ کا فائنل 28 جولائی 1973 کو انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین کھیلا گیا جو انگلینڈ نے 92 رنز سے جیت لیا تھا۔
آئی سی سی نے تاریخ کے پہلے عالمی کپ کی یادوں کو تازہ کرنے اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پانچ ہفتے تک تقریبات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ تقریبات پہلے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کی مناسبت سے 20 جون کو شروع ہوئیں جو 28 جولائی کو ہونے والے پہلے ورلڈ کپ فائنل میچ کی تاریخ یعنی 28 جولائی تک جاری رہیں گی۔
اس ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی انگلینڈ کی اینیڈ بیکی ویل ایم بی ای تھیں جنہوں نے کل 264 رنز سکور کیے تھے، جن میں دو سینچریاں بھی شامل تھیں۔
