کیا عروہ اور فرحان 7 برس بعد ’’ممی پاپا‘‘ بننے والے ہیں؟

معروف اداکارہ عروہ حسین، گلوکار فرحان سعید شادی کے 7 برس بعد ’’ممی پاپا‘‘ بننے والے ہیں، جوڑے نے اس بات کا اعلان انسٹاگرام پر پوسٹ کے ذریعے کرتے ہوئے لکھا کہ ہم جلد دو سے تین ہونے والے ہیں۔عروہ حسین اور فرحان سعید نے اس حوالے سے سماجی پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ایک ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے مداحوں کو بڑی خوشخبری سُنائی، کالے جوڑے میں ملبوس عروہ اور فرحان نے لکس اسٹائل ایوارڈز کی ریڈ کارپٹ کی شب مداحوں کو بتایا کہ وہ جلد دو سے تین ہونے جا رہے ہیں، جوڑے نے تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’آج رات ہم 3 ہیں، ماشااللہ‘۔اداکارہ کی جانب سے اس پوسٹ کے منظرِ عام پر آنے کی دیر تھی کہ مداحوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارک باد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، نہ صرف مداحوں بلکہ ساتھی شوبز ستاروں نے بھی جوڑے کی خوشی میں شریک ہوتے ہوئے انہیں مبارک باد دی، ایمن خان نے لکھا کہ کیا واقعی، ماشااللہ مبارک ہو، ٹی وی ہوسٹ اور اداکارہ متھیرا نے لکھا کہ یہ بہت اچھی خبر ہے، مولا نظر سے بچائے، اداکارہ عروہ حسین کی بہن ماورا حسین نے لکھا کہ ’’ماشااللہ، الحمداللہ‘‘ اس کے علاوہ کنزہ ہاشمی، صبور علی، یشما گل، سارہ خان، زارا نور عباس، غنا علی، منال خان، مریم نفیس، نادیہ حسین اور دیگر نے مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔عروہ حسین اور فرحان سعید نے 22 نومبر 2016 کو اپنی منگنی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا، جس کے ایک ماہ بعد دونوں ستارے 16 دسمبر 2016 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے تھے تاہم 2020 کے آخر میں دونوں کے درمیان علیحدگی خبریں گردش کرنے لگ گئی تھیں اور گزشتہ تین سال کے دوران دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ساتھ کھچوائی گئی تصاویر شیئر نہیں کی تھیں۔بعد ازاں عیدالفطر پر جوڑے نے اپنی دلکش تصاویر شیئر کرتے ہوئے ایسی تمام تر افواہوں کو غلط ثابت کیا تھا اور اس کے بعد سے ہی دونوں اہم مواقعوں پر اپنی خوبصورت تصاویر جاری کر کے مداحوں کے دلوں میں گھر کرتے آئے ہیں۔
