کیا کپتان اور بشریٰ بی بی کے مابین سب ٹھیک نہیں ہے؟

وزیراعظم عمران خان کے داہنے ہاتھ کی سب سے چھوٹی انگلی میں موجود بڑی سی انگوٹھی کے اچانک غائب ہو جانے پر سوشل میڈیا صارفین نے طرح طرح کے تبصرے شروع کردئیے ہیں اور اس شک کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ کپتان اور پیرنی کے مابین سب ٹھیک نہیں ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں کپتان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ ٹریک سوٹ پہنے ہاتھ میں تسبیح کر رہے ہیں اور انکے چہرے پر شدید پریشانی کے تاثرات ہیں۔ اس ویڈیو میں بھی کپتان کے دایئں ہاتھ میں وہ بڑی سی انگوٹھی نمایاں طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ تاہم سوشل میڈیا پر کپتان کی ایک حالیہ تصویر بھی وائرل ہے جس میں وہ قوم سے خطاب کر رہے ہیں اور ان کے دونوں ہاتھوں میں کوئی انگوٹھی نظر نہیں آرہی ہے۔
خیال کیا جاتا ہے کہ یہ انگوٹھی بشریٰ بی بی نے عمران خان کو نکاح سے پہلے تحفے میں دی تھی۔ زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین نے اس خیال کا اظہار کیا کہ کپتان کے ہاتھ سے انگوٹھی غائب ہونے کا ایک مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ شاید کپتان کی تیسری شادی بھی مشکلات کا شکار ہوچکی ہے۔
14 اپریل کو میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعظم نے کرونا وائرس کے حوالے سے قوم تک حکومت کی کارکردگی پہنچائی تاہم اس دوران جس چیز کو سب سے زیادہ نوٹس کیا گیا وہ تھا وزیراعظم عمران خان کا خالی داہنا ہاتھ۔ جس میں اکثر و بیشتر تسبیح ہوا کرتی تھی اور گزشتہ کئی سال سے اس میں سرخ زمرد یا عقیق کی انگوٹھی بھی ہمیشہ نظر آتی تھی۔
بشریٰ بی بی المعروف پنکی پیرنی سے شادی سے کچھ عرصہ قبل ہی وزیراعظم نے جب یہ انگوٹھی پہنی تھی تو اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے جاتے تھے۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ انگوٹھی پہن کر نہ صرف عمران خان ایک بار پھر اپنا گھر بسائیں گے بلکہ وزارت عظمی کی کرسی پر بھی براجمان ہو جائیں گے۔ پھر ایسا ہی ہوا، کپتان نے بشریٰ بی بی سے شادی بھی کی اور وزیراعظم بھی بن گئے۔تاہم ڈیڑھ سال حکومت کرنے کے بعد وزیراعظم کی سیاسی اور خانگی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک طرف سیاسی محاذ پر کرونا وائرس کا بڑا چیلنج درپیش ہے جبکہ دوسری طرف وزیراعظم کے سب سے بڑے فنانسر جہانگیر خان ترین کا نام چینی سکینڈل اور عثمان بزدار کا نام آٹا سکینڈل میں منظر عام پر آنے کے بعد کپتان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔
گزشتہ دنوں منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں عمران خان بے چینی کے ساتھ تسبیح کے دانے گھماتے ہوئے نظر آئے۔ تفکرات اور پریشانیاں عمران خان کے چہرے پر نمایاں تھیں اور وہ کسی گہری سوچ میں ڈوبے نظر آرہے تھے۔ اس ویڈیو کے مارکیٹ ہونے کے چند روز بعد ہی جب کپتان کا بغیر انگوٹھی کے ہاتھ سامنے آیا تو اس پر طرح طرح کی چہ میگوئیاں شروع ہوگئیں۔
بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ شاید کپتان کی حکومت کے علاوہ ازدواجی زندگی بھی خطرے میں ہے۔ واضح رہے کہ ایک عام تصور پایا جاتا ہے کہ بشریٰ بی بی نے عمران خان کو بد اثرات سے بچانے اور ازواجی و سیاسی زندگی میں کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے یہ انگوٹھی پہننے کو دی تھی یہی وجہ ہے کہ اگر انگوٹھی غائب ہونے کے بعد کپتان کی سیاسی اور خانگی زندگی کے حوالے سے طرح طرح کے خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ویسے بھی عمران خان کو پیروں اور بابوں کا معتقد سمجھا جاتا ہے اور وہ اپنے ہاتھ میں چاندی میں مڑھی ہوئی مخصوص پتھر کی انگوٹھی ہی پہنتے تھے۔ جب 2016 میں انہوں نے اپنے ہاتھ میں ایک مخصوص انگوٹھی پہنی تب بھی کہا گیا کہ یہ انگوٹھی انہون نے آ فات سے حفاظت اور دنیاوی کامیابی کے لئے روحانی پیشوا کے کہنے پر پہنی ہے۔ عمران خان کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے ہے کہ جب چند سال قبل پانامہ سکینڈل آیا تو کسی روحانی شخصیت کے کہنے پر عمران خان نے ایک مخصوص انگوٹھی پہنی تھی۔ ایک مرتبہ جب عمران خان سے سوال کیا گیا کہ یہ انگوٹھی کس نے دی ہے تو کپتان نے کہا تھا کہ یہ انہیں سینیٹر ولید اقبال نے تحفے میں دی ہے، جو اسے مولانا رومی کے مزار سے خرید کر لائے تھے۔
تاہم موجودہ حالات میں عمران خان کے خالی ہاتھ دیکھ کر سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا ہو چکا ہے۔ بہت سے سوشل میڈیا صارفین طرح طرح کے تبصرے کررہے ہیں کہ یا تو عمران خان کی حکومت جانے والی ہے یا بشریٰ بی بی اور اسی لیے کپتان نے اپنے داہنے ہاتھ سے انگوٹھی بھی اتار دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button