کینسر کا شکار سنجے دت کی پہلی کیموتھراپی مکمل

گزشتہ ماہ بولی وڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں اور اب ان کے علاج سے متعلق خبریں ہیں کہ ان کی پہلی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنجے دت کا ابتدائی علاج کوکیلا بین اسپتال میں جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اداکار کی پہلی کیموتھراپی بھی مکمل ہوگئی ہے سنجے دت نے اپنے علاج پر کافی اچھا ردعمل دیا ہے۔
خیال رہے کہ پہلے بھارت کے شہر ممبئی کے اسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔
بعد ازاں کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنجے دت نے طبی بنیادوں پر 5 سال کےلیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے اور ان کے میموریل سلون کیٹیرنگ کینسر سینٹر میں علاج کرانے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سنجے دت نے بیماری کا علم ہونے کے بعد امریکا کے ویزا کےلیے درخواست دی تھی تاہم 1993 میں ممبئی دھماکوں میں سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے انہیں کلیئرنس حاصل میں مسائل پیش آرہے تھے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ سنجے دت کے ایک دوست نے کلیئرنس حاصل کرنے میں مدد کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی دوسری کیموتھراپی آئندہ ہفتے 8 یا 9ستمبر کے قریب شروع ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹس کے مطابق سنجے دت دوسری کیموتھراپی سے متعلق کافی پُرامید ہیں۔ تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ کینسر کے مکمل علاج کےلیے سنجے دت کی کتنی کیموتھراپیز ہوں گی۔
درحقیقت یہ سنجے دت کے اہلخانہ کے لیے مشکل وقت ہے اور اہلیہ منائتا دت اس مشکل وقت میں ایک چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔
منائتا دت نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر مثبت پوسٹس کیں اور اپنے بچوں کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔
جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔ ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اداکاار کو کینسر کا مرض لاحق ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔
سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
اداکار سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جب کہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔
جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت ‘3 ماہ بعد’ فلم مکمل کریں گے۔
دوسری جانب ان کی فلم ‘ سڑک 2’کا ٹریلر بھی ریلیز ہوچکا ہے جس نے ناکامی کا نیا اعزاز اپنے نام کرلیا اور اس کے ٹریلر کی ویڈیو بھارت میں ناپسند کی جانے والی یوٹیوب کی پہلی ویڈیو بن گئی۔
علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button