مہمند: سنگ مر مر کی کان بیٹھنے سے 8 مزدور جاں بحق، 5 زخمی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند کی تحصیل صافی میں ماربل کے پہاڑ سے تودہ گرنے سے 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے کہا کہ کان میں تودہ گرنے کا واقعہ مہمند کی تحصیل صافی میں پیش آیا اور ملبے سے اب تک 11 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تودہ گرنے سے 5 افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں غلنئی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو 1122 مہمند ٹیم کا آپریشن جاری ہے۔ڈی جی نے کہا کہ ریسکیو 1122 پشاور اور چارسدہ سے اضافی اہلکار ضلع مہمند روانہ کردیے گئے ہیں، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ بھاری مشینری اور ایمبولینسز آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اندھیرے میں ہیوی سرچ لائٹس کی مدد سے آپریشن کیا جارہاہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب کے مطابق ماربل کی کان بیٹھنے کا واقعہ تحصیل صافی میں پیش آیا جہاں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملبے سے 8 مزدوروں کی لاشیں اور 6کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر افتخار عالم کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید اموات کا خدشہ ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے امدادی کارروائیوں کےلیے ہیوی مشینری طلب کرلی ہے۔
معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ابتدائی معلومات کی بنیاد پر حادثہ تودہ گرنے سے پیش آیا تاہم حادثے کی باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں کان کنی اور پہاڑوں سے معدنیات کے ذخائر نکالنے کے دوران اکثر حادثات پیش آتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button