’’کیپٹن صفدر کی PTI سپورٹر کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل‘‘

ملک بھر میں الیکشن کی آمد پر سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں، مختلف جماعتوں کی گہما گہمی عروج پر ہے، اس دوران انتخابی مہم میں مصروف مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس وہ میں سیکیورٹی کے ہمراہ کہیں جا رہے ہیں کہ ایک بچہ راستے میں پی ٹی آئی کے 2 جھنڈے اٹھائے کھڑا ہوتا ہے۔ویڈیو میں کیپٹن صفدر کو رُک کر اس بچے کو گلے لگاتے اور ماتھے پر بوسہ دیتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ ویڈیو کیپٹن صفدر کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے پوسٹ کی گئی ہے۔ ویڈیوکے کیپشن میں لکھا ہے ’یہ بچے بھی تو ہمارے ہیں‘۔ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ صحافی حامد میر نے کیپٹن صفدر کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ کیپٹن صفدر نے اس بچے کا ماتھا چوم کر ہمیں یہ امید دی ہے کہ آنے والے وقت میں سیاسی اختلاف کی بنیاد پر نفرت اور انتقام کی سیاست کو خیرباد کہہ دیا جائے گا۔ سینئر صحافی عاصمہ شیرازی لکھتی ہیں کہ اتنی نفرت اور تقسیم میں یہ رویہ قابل تحسین ہے۔ ایک صارف نے لکھا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں یہی فرق ہے۔ پی ٹی آئی کا مقصد عوام میں نفرت پھیلانا ہے۔ صارف نے مزید لکھا کہ آپ کے سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن اس میں نفرت کو کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے، آخر ہم سب پہلے پاکستانی ہیں۔ صحافی اسد طور نے کیپٹن صفدر کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کو کیپٹن صفدر سے سیکھنا چاہئے۔ صحافی حسن ایوب خان نے لکھا کہ ایسے مناظر معاشرے میں برداشت کے کلچر کو فروغ دیں گے، انہوں نے کیپٹن صفدر کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ان کے اس رویے نے دل خوش کر دیا ہے۔
