گلوکارہ آئمہ بیگ کی زندگی میں کسی مرد کی گنجائش کیوں نہیں؟

معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے مردوں کو اپنی زندگی سے کلین بولڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی میں کسی مرد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔آئمہ بیگ کے مطابق اب انہیں کسی مرد سے کسی طرح کی کوئی توقعات نہیں رہیں اور نہ ہی انہیں اب زندگی گزارنے کے لیے کسی مرد کی ضرورت ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ اگر پھر بھی کوئی مرد ان کی زندگی میں آجاتا ہے تو وہ اسے ’بونس‘ سمجھیں گی۔  گلوکارہ نے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی سمیت پیشہ ورانہ زندگی پر بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ کبھی ایسا نہیں سوچا تھا کہ انہیں اتنے کم وقت میں اتنی زیادہ شہرت ملے گی۔

آئمہ بیگ نے بتایا کہ وہ سال 2016 تک دنیا ٹی وی کے شو ’مذاق رات‘ میں گاتی رہیں، اس کے بعد وہ باقاعدہ گلوکاری کے میدان میں آ گئیں اور اب انہیں یہ یاد نہیں کہ وہ کتنے گانے گا چکی ہیں۔  انہوں نے موسیقار ساحر علی بگا کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کے بعد انہیں زیادہ پہچان ملی اور بعد میں کوک اسٹوڈیو سمیت دیگر منصوبوں میں کام کر کے کیریئر کو آگے بڑھایا، آئمہ کا کہنا تھا کہ ان کے والد انہیں بچپن میں اکاؤنٹنٹ بنانا چاہتے تھے مگر انہیں ریاضی سمجھ ہی نہیں آتی تھی۔  گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ جب ان کی عمر محض 16 برس تھی، تب ان کا وزن 75 کلو تھا، کیونکہ انہیں کھانے کا بہت شوق تھا لیکن بعد میں انہوں نے اپنے وزن پر قابو پانے کے لیے کئی چیزیں کھانا چھوڑ دیں، اپنی فٹنس کا راز بتاتے ہوئے آئمہ نے بتایا کہ وہ ایکسرسائز نہیں کرتیں بلکہ صرف سائیکلنگ کرتی ہیں۔

بالی وڈ سے کام کی پیشکش کے سوال پر آئمہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ماضی میں بالی ووڈ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور تقریباً ان کا کام ہو بھی گیا تھا لیکن پھر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی بڑھ گئی اور ان کا کام رک گیا، اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوجائیں گے اور وہ پھر سے بالی وڈ میں کام کریں گی۔  آئمہ کا کہنا تھا کہ اگر انہیں بالی وڈ سے پیش کش ہوئی تو وہ نواز الدین صدیقی یا پنکچ ترپاٹھی کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی، انہوں نے واضح کیا کہ انہیں فلم میں کسی کی بیوی، بہن یا بیٹی نہیں بننا بلکہ وہ جاسوسی ٹائپ کے کردار ادا کرنا چاہیں گی۔

آئمہ بیگ نے شادی بارے سوال پر کہا کہ اب انہیں مرد حضرات میں کسی طرح کی کوئی توقعات یا امیدیں نہیں رہیں، انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی زندگی گزارنے کے لیے کسی مرد کی کوئی ضرورت نہیں رہی، تاہم اگر کوئی مرد ان کی زندگی میں آ بھی جائے تو وہ انہیں ’بونس‘ سمجھیں گی۔ آئمہ کے مطابق انہوں نے شادی کے لیے کچھ سوچ نہیں رکھا، اب بس وہ چاہتی ہیں کہ اگر کوئی شخص ان کی زندگی میں آ بھی جائے تو وہ انسان کا بچہ ہو، گلوکارہ نے انٹرویو کے دوران ماضی میں اپنی منگنی یا پروڈیوسر شہباز شگری سے تعلقات ختم ہونے سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔  آئمہ اور شہباز شگری نے ستمبر 2022 میں منگنی ختم کرنے کی تصدیق کی تھی، دونوں نے چند سال تعلقات میں رہنے کے بعد جون 2022 میں منگنی کرتے ہوئے جلد شادی کا عندیہ بھی دیا تھا مگر منگنی کے چند ماہ بعد ہی دونوں کا رشتہ ختم کر دیا تھا۔

Back to top button