گوگل کے شریک بانیوں کی دولت میں 18 ارب ڈالرز کا اضافہ

گوگل کی جانب سے سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو لگ بھگ تمام سروسز کا حصہ بنانے کے منصوبے سامنے آئے تھے۔
اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس سرچ انجن کی نئی شکل کی جھلک جاری ہونے سے گوگل کے شریک بانیوں کی دولت میں 18 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے شریک بانی لیری پیج کی دولت میں چند دنوں کے دوران 9.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا اور ان کے اثاثے 107 ارب ڈالرز تک پہنچ گئے۔ان کے ساتھی سرگئی برن کی دولت میں 8.9 ارب ڈالرز اضافے سے 102 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔
یہ فروری 2021 کے بعد دونوں کی دولت میں ایک ہفتے کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
گوگل کانفرنس کے دوران کمپنی کی جانب سے سرچ انجن میں تجربات کے بارے میں بتایا گیا تھا جبکہ اے آئی چیٹ بوٹ کو لگ بھگ دنیا بھر کے لیے افراد کے لیے پیش کر دیا گیا۔لیری پیج اور سرگئی برن دونوں اے آئی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کمپنی کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کر رہے ہیں اور کئی برسوں بعد گوگل کے روزمرہ کے کاموں میں شامل ہوئے ہیں۔
لیری پیج کی دولت میں 2023 کے دوران 24 ارب جبکہ سرگئی برن کی دولت میں 22.7 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔اس وقت دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں لیری پیج 8 ویں جبکہ سرگئی برن 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
