ہمارے سارے اعشاریے مثبت ہیں، مہنگائی کی شرح کم ہوئی ہے : وزیر اطلاعات عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ کاکہنا ہےکہ باتیں ہو رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائےگا، آئی ایم ایف کو لیٹر بھی لکھے گئے لیکن ہمارے سارے اعشاریے مثبت ہیں، ملک میں مہنگائی بڑھنے کی شرح کم ہوئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے نیو یارک میں پریس کانفرنس کرتےہوئے کہا کہ ترکیے کےصدر نے بھی پاکستان کی معاشی بحالی کی تعریف کی،پاکستان ڈیفالٹ کرجانے کی باتیں ہوتی تھیں،آئی ایم ایف کولیٹر بھی لکھے گئے لیکن آج سارے اشاریے مثبت ہیں۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے کہاکہ طالبان کو واپس لانے کی پالیسی غلط تھی،اس کےاثرات خیبرپختونخوا میں نظرآرہے ہیں، امریکا نےکیا ڈیمانڈ کی تھی کہ جس کےجواب میں ابسلوٹلی ناٹ کہاگیا تھا۔
وزیر اطلاعات نےکہا کہ جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم شہباز شریف کا خطاب معمول سےہٹ کر اور تاریخی ہوگا جب کہ بنگلادیش کےساتھ تعلقات بحال ہورہے ہیں اور پی آئی اے کی بڈنگ براہ راست نشر کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی بندش سے متعلق عطا تارڑ نےکہا کہ معاملہ عدالت میں ہے،عبوری حکومت نےعدالت میں جواب جمع کرایاتھا کہ ایکس پر فحش مواد کو کھلی چھوٹ ہے جب کہ انٹر نیٹ خلل کامسئلہ چار 5 دن آیا تھا جو اب حل ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہ کہ خارجہ پالیسی کے اندر تقویت مل رہی ہے،یہ معاشی استحکام سےجڑا ہے، ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کا بدترین اثرات کاسامنا ہے، وزیر اعظم نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھاکہ کاربن خارج کرنےوالے ممالک کے پاس وسائل زیادہ ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سےنقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کاتمام فورمز پر مؤقف ہےکہ اسرائیل نے غزہ میں نسلی کشی کی،فلسطینی صدر نےکہاکہ پاکستان نےفلسطینی طلبہ کو جگہ دی، غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کو شدید تشویش ہے۔انہوں نےبتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے لبنان میں فوری جنگ بندی پر زور دیاہے۔
عطا تارڑ کاکہنا تھاکہ جہاں ہمیں دو طرفہ ملاقاتوں میں پذیرائی مل رہی ہے وہاں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کر رہے ہیں،فلسطین سےمتعلق قائد اعظم کے مؤقف پر آج بھی قائم ہیں۔
عطا تارڑ نےکہا کہ ہماری معاشی بحالی کی کوششیں جاری ہیں، دنیا تسلیم کر رہی ہے،مزید اقدامات سےہماری معیشت بڑھتی معیشتوں میں شامل ہوگی، پاکستان میں مہنگائی بڑھنےکی شرح کم ہوئی ہے۔
