ہمایوں سعید نے اپنی پہلی محبت کے بارے میں سب بتادیا

نجی ٹی وی چینل کے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نے اپنے ماضی کے ایک راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی اہلیہ ثمینہ سے شادی سے پہلے بھی ایک لڑکی محبت ہوئی تھی لیکن اس لڑکی نے انہیں دھوکہ دیا، اس نے میرے ساتھ اچھا نہیں کیا تھا۔ وہ مجھے بلاوجہ چھوڑ گئی اور دل ٹوٹنے پر میں بہت رویا تھا۔ ہمایوں سعید نے اس لڑکی کا نام تو نہیں بتایا لیکن یہ بتایا کہ وہ بہت ہی پیاری اور زندگی سے بھرپور لڑکی تھی۔ ہم اکثر کراچی کے ساحل سمندر پر گھومنے جاتے تھے۔ پہلے میں بہت شرمیلا ہوا کرتا تھااور وہ لڑکی مجھے میرے خول سے باہر نکالتی تھی اور شاید اسی لیے مجھے وہ بہت پسند تھی۔
ہمایوں نے کہا کہ میں اپنوں کو کھونے سے بہت ڈرتا ہوں اور مجھے انگریز لڑکیاں جنہیں عموما گوریاں بھی کہا جاتا ہے بالکل بھی پسند نہیں ہیں، مجھے پاکستانی لڑکیاں پسند ہیں۔ میری کامیابی کے پیچھے کسی ایک عورت کا نہیں بلکہ بہت ساری خواتین کا ہاتھ ہے۔ میں نے اپنے کیریئر کی ابتدا میں نادیہ جمیل اور ثانیہ سعید وغیرہ کے ساتھ کام کیا اور میری اداکاری میں جتنی بہتری ہے وہ ان ہی اداکاراؤں اور ڈائریکٹرز کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ اداکار ہمایوں سعید ان دنوں ڈرامہ سیریل ‘میرے پاس تم ہو’ میں ایسے شوہر کا کردار نبھارہے ہیں جس کی بیوی پیسوں کی خاطر اسے چھوڑ دیتی ہے اور اپنے امیر باس کے ساتھ چلی جاتی ہے۔
ڈرامے میں ہمایوں سعید نے بیوی کے ہاتھوں دھوکہ کھا کر ٹوٹے ہوئے شوہر کا کردار اتنی خوبی سے اداکیا ہے کہ لوگ ان کی اداکاری کے گن گانے لگے ہیں۔ ہمایوں کی حقیقت سے قریب تر اداکاری کے پیچھے وجہ شاید یہ ہے کہ وہ ماضی میں ایک خاتون کے ہاتھوں دھوکہ کھاچکے ہیں جس سے انہیں بے حد محبت تھی۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ہمایوں سعید نے انکشاف کیا کہ ثمینہ سے شادی سے قبل انہیں ایک لڑکی سے محبت تھی اور وہ بھی ان سے محبت کا ڈھونگ رچاتی تھی۔
