ہم کپتان کو بتائیں گے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاست ناممکن کو ممکن بنانے کے فن کا نام ہے اور سینیٹ کی ایک نشست نے ناممکن کو ممکن بنا دیا اور حکومت کےلیے ہر دروازے بند ہوتے جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہا کہ ہم سب پی ڈی ایم کی جیت منانے کےلیے جمع ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا پر پابندی اور عدالت پر دباؤ ڈالنے کے بعد اراکین قومی اسمبلی پر حملہ کرکے نئی روش کی بنیاد ڈال دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم کے کارڈ سے ثابت کردیا کہ حکومت کتنی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف سیاسی اتحاد ہے جو جمہوریت کےلیے یکجاں ہیں اور دوسری طرف ایک کمزور شخص ہے جو اپنے اندر ناکامی کا طوفان دیکھ رہا ہے اور وہ اپنا توازن کھو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی ایک نشست نے پورے نظام کو بے نقاب کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کب، کہاں اور کس کے خلاف عدم اعتماد ہوگا یہ فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی، اب پی ڈی ایم بتائے گی کہ آپ کب تک وزارت عظمیٰ کی نشست پر بیٹھیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن مل کر بیٹھ کر منصوبہ بنائیں گے تو یہ حکومت فارغ ہوجائے گی کیونکہ ان کا تو مقابلہ ہی نہیں ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر لیگی رہنماؤں پر حملے کی وزیر اعظم عمران خان نے مذمت کی نہ ہی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں کو اس لیے حقوق حاصل ہیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 18ویں ترمیم منظور کرائی تھی۔
