ہواوے نے نیا میٹ 40 سمارٹ فون متعارف کروا دیا

موبائل فون کمپنی ہواوے نے اپنا نیا میٹ 40 سمارٹ فون متعارف کروا دیا ہے جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس میں ایپل کے نئے آئی فون 12 سے بہتر پروسیسر استعمال ہوا ہے۔
ہواوے کا کہنا ہے کہ پروسیسر آئی فون میں استعمال کی گئی چِپ کی طرح ’فائیو نینومیٹر‘ تیکنیک پر ہی بنایا گیا ہے.ہمارے پروسیسر میں اربوں ٹرانزسٹر نصب ہیں جو ایپل کے اے 14 پروسیسر سے 30 فیصد زیادہ ہیں۔ ہواوے نے مزید کہا ہے کہ ان کے پاس اِن چپس کی کمی ہے جو میٹ 40 میں استعمال کی گئی ہیں کیونکہ یہ چِپ امریکہ سے برآمد کی جا رہی تھی مگر رواں برس ستمبر سے امریکہ نے چین پر تجارتی پابندیاں عائد کر دی ہیں یعنی کہ اگر کمپنی کے پاس کیرن 9000 نامی یہ پروسیسرز ختم ہو گئے تو ایک عرصے کے بعد مزید میٹ 40 سمارٹ فون نہیں بنا سکیں گے۔ پوری دنیا میں فی الحال صرف دو کمپنیوں کے پاس فائیو نینو میٹر کی چِپ بنانے کی صلاحیت ہے۔ ان میں تائیوان کی ٹی ایس ایم سی اور جنوبی کوریا کی سام سنگ شامل ہیں۔ امریکی پابندیوں کے باعث دونوں کمپنیوں کو منع کیا گیا ہے کہ وہ یہ چِپ یا کوئی بھی سیمی کنڈکٹر (نیم موصل) پراڈکٹ چینی کمپنی ہواوے کو نہ بھیجیں۔ یا کوئی بھی ایسی پراڈکٹ جس میں ’امریکی ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر‘ کا استعمال کیا گیا ہو۔ ٹیکنالوجی ماہر مو جیا کا کہنا ہے کہ ’چین میں ہواوے اعلیٰ مقام رکھتا ہے اور لوگوں میں اس برانڈ سے متعلق زیادہ آگاہی موجود ہے، چین میں میٹ 40 کی طلب زیادہ ہونے کی توقع ہے۔ اس کے باوجود امریکی پابندیوں کے دوران کیرن چِپ سمیت دیگر پرزوں کی کمی کی وجہ سے ہواوے کا یہ نیا فون محدود رہے گا.‘
ہواوے میٹ 40 کا سب سے سستا ماڈل 1049 امریکی ڈالر کا ہے۔ اس میں 6.5 انچ کی او ایل ای ڈی سکرین ہے۔ اس کے تین مہنگے ماڈلز کی قیمتیں 2,708 امریکی ڈالر تک جاتی ہے اور ان میں 6.8 انچ کی سکرین ہے. فون کی سکرین پر ہر سیکنڈ میں 90 فریم چل سکتے ہیں۔ یہ تعداد ایپل کے نئے آئی فون 12 اور سام سنگ کی ایس 20 سیریز سے کہیں زیادہ ہے، اس تکنیک سے سکرین بہتر کارکردگی کرتی ہے اور فون کی بیٹری بھی طویل دورانیے تک چلتی ہے۔ سب سے سستے ماڈل میں سیلفی لینے کے لیے صرف ایک کیمرہ ہے اور تین کیمرے پیچھے ہیں. میٹ 40 پرو میں فیس ان لاک کے لیے ’تھری ڈی سینسر‘ ہے اور اس کے کیمرے پہلے ماڈل سے بہتر ہیں، میٹ 40 پرو پلس میں پیچھے چوتھے کیمرے کا مقصد ’سپر زوم‘ ہے اور پانچویں کیمرے سے کم فوکس کے ساتھ اچھی تصاویر لی جا سکتی ہیں. اس کے علاوہ میٹ 40 پورشے ڈیزائن آر ایس میں ’تھرما میٹر‘ ہے جس سے مقامی درجہ حرارت دیکھا جا سکتا ہے.
