یاسرعرفات کی موت کیسے ہوئی تھی ؟ بیوہ کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

سابق فلسطینی صدر یاسر عرفات کی بیوہ سُہاعرفات کا اپنے شوہر اور فلسطین کی آزادی کے لیے طویل عرصہ جدوجہد کرنے والے عظیم رہنما کی موت کے حوالے سے تازہ بیان سامنے آیا ہے۔گذشتہ دنوں ایک اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سہا نے انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ یاسرعرفات کو اسرائیل نے نہیں بلکہ کسی فلسطینی نے زہر دیا ہے۔سُہاعرفات نے اس بیان کی تردید کرتے ہوئےکہا ہے کہ ان کے بیان کو غلط طریقے سے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر وضاحتی بیان میں سہا کا کہنا تھا کہ یاسر عرفات کا مقدمہ ابھی بھی عدالت میں ہے اور میں کسی پر ان کے قتل کا الزام نہیں لگاسکتی اور میرے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت بھی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یاسر عرفات کی شہادت کے بعد سے اب تک میرا وہی بیان ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، وہی بات میں نے انٹرویو میں کہی تھی اور آئندہ بھی کہوں گی۔خیال رہےکہ پیرس کے ایک اسپتال میں زیرعلاج یاسرعرفات گیارہ نومبر 2004 کو نامعلوم بیماری کےباعث 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے اور ان کی موت کو مشکوک قرار دیا گیا تھا اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے یاسر عرفات کی موت کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا تھا،جب کہ اس حوالے سے تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔
