’’یمنیٰ زیدی فلمسٹار شان کیساتھ کام کی خواہاں‘‘

معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلمسٹار شان کے ساتھ فلموں میں کام کرنا چاہتی ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کلپ میں یمنیٰ زیدی نے اداکار شان شاہد کی اداکاری کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ انہیں دیکھتے ہی ایسا لگتا ہے کہ وہ صرف فلموں کیلئے بنے ہیں۔یمنیٰ زیدی کی ویڈیو کلپ چند دن قبل انڈیپینڈنٹ اردو کو دیئے گئے انٹرویو کی ہے، جس میں انہوں نے نایاب میں کام کرنے سمیت مستقبل میں فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے بھی بات کی تھی، اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری میں اداکار شان شاہد بہت پسند ہیں، انہوں نے ان کی متعدد فلمیں دیکھ رکھی ہیں، انہوں نے شان شاہد کی فلمیں سینما میں بھی دیکھی ہیں، وہ انہیں بہت پسند ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ وہ فلموں میں ان کے ساتھ کام کریں۔اداکارہ نے شان شاہد کی اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ بنے ہی فلموں کے لیے ہیں، اداکارہ کی جانب سے تعریفیں کیے جانے اور ایک ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے پر شان شاہد نے بھی اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اچھی اداکارہ قرار دیا۔شان شاہد نے اشارہ دیا کہ ممکنہ طور پر وہ جلد ہی ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے، یمنیٰ زیدی بھی متعدد انٹرویوز میں مبہم انداز میں بتا چکی ہیں کہ وہ نایاب کے بعد دیگر فلموں میں بھی دکھائی دیں گی، تاہم انہوں نے کبھی اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی اپنی آنے والی فلموں کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ حال ہی میں اپنے فوٹو شوٹ پر متنازع لباس زیب تن کرنے پر کافی تنقید کی زد میں رہی ہیں، سوشل میڈیا پر صارفین نے اداکارہ کو ڈھنگ کا لباس پہننے کا مشورہ دیا جبکہ لکس سٹائل ایوارڈز کے دوران اداکارہ کے لباس کے سوشل میڈیا پر کافی چرچے ہوئے تھے۔

Back to top button