چین :کورونا کا پھیلائو پھر تیز،ایشن گیمزغیرمعینہ مدت تک ملتوی

چین میں کورونا وائرس کے ایک بار پھر تیزی سے پھیلائو کے باعث ایشن گیمز کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابقایشین گیمز کا انعقاد 10 سے 25 ستمبر تک چین کے شہر ہانگژو ہونا تھا لیکن یہ التوا کا شکار ہو گئے ہیں کیونکہ چین ملک کے کئی حصوں میں پھیلے انفیکشن پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہانگژو ملک کے سب سے بڑے شہر شنگھائی سے 200 کلومیٹر سے بھی کم کے فاصلے پر واقع ہے جس نے حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے وائرس کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی کی وجہ سے ایک ہفتے کے طویل لاک ڈاؤن کو برداشت کیا ہے۔
ایک بیان میں اولمپک کونسل آف ایشیا نے کہا کہ گیمز ملتوی کرنے کا فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے وبائی صورتحال اور گیمز کے حجم کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا ہے۔
بیان کے مطابق تقریباً 10 ہزار ایتھلیٹس کی میزبانی کرنے والے گیمز کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ دسمبر میں چینی شہر شانتو میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز پہلے ہی ایک بار ملتوی ہونے کے بعد منسوخ کر دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ منتظمین نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ مشرقی چین کے سوا کروڑ آبادی کے حامل شہر ہانگژو نے ایشین گیمز اور ایشین پیرا گیمز کے لیے تقریباً 56 مقابلے کے مقامات کی تعمیر مکمل کر لی ہے، اس وقت انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ انہوں نے وائرس پر قابو پانے کے منصوبے کے تحت ایونٹ کے انعقاد کا منصوبہ بنایا ہے جو بیجنگ سرمائی اولمپکس کے ’کامیاب تجربے سے سیکھ کر بنایا گیا ہے جو فروری میں کووڈ کے سخت بائیوسیکیور ببل میں منعقد ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ ہانگژو 1990 میں بیجنگ اور 2010 میں گوانگ زو کے بعد ایشین گیمز کی میزبانی کرنے والا چین کا تیسرا شہر بننے والا تھا جبکہ کچھ تقریبات دیگر صوبائی شہروں بشمول ننگبو، وینزو، ہوزو، شاوکسنگ اور جنہوا میں منعقد ہونے والی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے ورلڈ یونیورسٹی گیمز کو اگلے ماہ چینگڈو میں شروع ہونا تھا لیکن ان کے بھی ملتوی ہونے کی توقع ہے۔
