عمران کی ہوس اقتدارملک کو پھردولخت کرنے کی سازش ہے

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس میں عمران خان جس نہج پر جار ہا ہے وہ پھر سے ملک کو دو لخت کرنے کی سازش لگتی ہے۔
ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے قومی اداروں کے خلاف مہم کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد عمران ذہنی توازن کھو چکے ہیں، احتساب سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کے خلاف بھونڈی کوشش کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا عمران اب قومی اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، ہرزہ سرائی کے پیچھے کرپشن کیسز اور فارن فنڈنگ کیس کا خوف ہے، سزا سے بچنے کے لیے عمران خان قومی اداروں کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اقتدار کے لالچ میں عمران خان جس نہج پر جا رہے ہیں وہ ملک کو پھر دولخت کرنے کی سازش لگتی ہے، جھوٹے سازشی بیانیے سے لوگوں کے جذبات بھڑکانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔
سابق صدر نے کہا عمران خان کا کرسی کے لیے نہ صرف ملک بلکہ قومی اداروں کا بھی نقصان کرنا برداشت نہیں کیا جائے گا، عمران خان کی انہی حرکتوں سے پونے 4 سال میں ملک آگے کی بجائے پیچھےگیا۔
انہوں نے کہا پاک فوج پاکستان کی سرحدوں کی محافظ ہے، آئین اور جمہوریت کا تحفظ بھی پاک فوج کی ذمہ داری ہے، فوج کو سیاست میں گھسیٹنے اور متنازع بنانے کی کوشش ملک سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔
آصف زرداری نے کہا عمران خان فوج کو تقسیم کرنے کی سازش کے ساتھ آئین کو پامال کرنے پر بھی تلے ہوئے ہیں، اداروں کو بدنام کرنے کی مہم کا فائدہ ملک دشمن قوتوں کو پہنچے گا۔
سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا دوسروں کو غداری کے طعنے دینے والا خود میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہا ہے، عمران ملک کی سلامتی داؤ پر لگانے کی ناکام کوشش میں لگا ہے، خمیازہ اسےخود بھگتنا ہو گا۔

Back to top button