چیئرمین نیب جاوید اقبال کی مدت ملازمت کا آج آخری روز

76 سالہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال مدت مکمل ہونے پر آج ریٹائرہونے جا رہے ہیں، 76 سالہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مدتِ ملازمت کا آج آخری روز ہے اور مدت مکمل ہونے پر آج ریٹائر ہوجائیں گے۔

انہوں نے یہ عہدہ اکتوبر2017ء میں سنبھالا تھا، اور عمران خان حکومت نے نیا چیئرمین آنے تک ایک آرڈیننس کی صورت میں چیئرمین نیب جاوید اقبا ل کو ایکسٹیشن دی تھی، اس آرڈیننس کے آٹھ ماہ بعد آج دوسری مرتبہ کی مدت ختم ہورہی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب اور عمران خان کی حکومت میں پاکستان کی انٹرنیشنل اداروں کی کرپشن روکنے کی رینکنگ کافی نیچے آئی اورمسلسل نیچے ہوتی گئی، تاہم پھر بھی چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال آخری دن تک کوششیں کرتے رہے کہ انہیں کسی طریقہ سے مزید توسیع مل جائے۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے اعزاز میں آج دن 12 بجے نیب میں ایک الوداعی ظہرانہ دیا جائے گا، تقریب میں مختلف ڈی جیز ، ڈائریکٹرز، ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل سمیت کچھ ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹر کے عہدہ کے افسران بھی شریک ہوں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کے جانے کے بعد اب نیب کاپرانا قانون بحال ہوجائے گا جس کے تحت صرف وقتی طورپرامور ڈپٹی چیئرمین سنبھال سکتے ہیں، نیا قانون منظور ہوکر گزشتہ جمعہ کے روز سے صدرمملکت عارف علوی کے پاس موجود ہے، اگر صدر مملکت اس قانون پر 10 دن تک دستخط نہیں کرتے اور کوئی اعتراض لگا کر واپس بھیج دیتے ہیں تو وفاقی حکومت نے پہلے ہی اس ضمن میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کررکھا ہے۔

واضح رہے کہ صدرِ مملکت کے پاس دستخط کے لئے موجود نیب کے نئے قانون کی آئندہ پیر کو 10 دن پورے ہو جائیں گے، اور حکومت نے منگل کو پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس بلا رکھا ہے۔

Back to top button