ابرار الحق نے گانا چور بھارتی فلمساز کی چاپلوسی مسترد کیوں کی؟


پاکستانی گلوکار ابرار الحق اپنا گانا چوری کرنے والے بھارتی فلمساز کرن جوہر سے کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، ابرار کی جانب سے پہلے گانا گفٹ کرنے کیلئے کشمیر کے حوالے سے نعرے کی شرط رکھی گئی تھی جس کے بعد اب پاکستانی گلوکار نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ابرارالحق کا مشہور گانا ’نچ پنجابن نچ‘ فلم ساز کرن جوہر کی آنے والی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں شامل ہے اور اسے ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے، فلم کا ٹریلر کچھ دن قبل جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد ابرارالحق نے فلم میں شامل اپنے گانے کو بغیر اجازت لینے اور کاپی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔پاکستانی گلوکار کے الزامات کو کرن جوہر اور ٹی سیریز نے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ’نچ پنجابن نچ‘ کے کاپی رائٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
بھارتی میوزک ریکارڈ کمپنی کے انکار کے بعد ابرارالحق نے ٹی سیریز اور فلم ساز کرن جوہر کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا مگر بعد ازاں گانے کو جاری کرتے ہوئے بھارتی فلم ساز اور ریکارڈ لیبل کمپنی نے ابرارالحق کو کریڈٹ دے دیا تھا۔ لیکن اب کریڈٹ ملنے کے باوجود ابرارالحق نے کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے، گلوکار نے اپنی مختصر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ بھارتی ٹیم کے خلاف جلد عدالت جائیں گے۔پاکستانی گلوکار نے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ لوگ ان سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا وہ بھارتی ٹیم کے خلاف عدالت میں مقدمہ کریں گے؟ ساتھ ہی جواب دیا کہ ہاں وہ بھارتی ٹیم کے خلاف عدالت جا رہے ہیں، بھارتی میوزک لیبل کمپنی اور فلم ساز کی ٹیم ان کے گانے کی تعریفیں کرتے ہوئے کہہ رہی ہے کہ اب تو انہیں کریڈٹ بھی دے دیا گیا۔
ابرارالحق نے کہا کہ لیکن ابھی بھی مین نے کسی کو اپنے گانے کے کاپی رائٹس نہیں دیئے اور نہ ہی وہ ایسی تعریفی باتوں میں آئیں گے، وہ جلد بھارتی ٹیم کے خلاف عدالت میں مقدمہ کرنے جا رہے ہیں۔

Back to top button