18ویں ترمیم صوبوں کے دلوں کے قریب ہے،سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم صوبوں کے دلوں کے بہت قریب ہے اور اس پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
شازیہ مری نے بتایا کہ کافی عرصے سے 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں، تاہم اب حکومت نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے اور اس ترمیم پر حمایت مانگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی اختیارات کے حوالے سے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اتفاق رائے پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور 18ویں ترمیم میں صوبوں کو دیے گئے اختیارات سے پیچھے ہٹنا نہ تو درست ہوگا اور نہ ہی ممکن۔ 18ویں ترمیم صوبوں کے لیے دل سے جڑی ہوئی ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
شازیہ مری نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے پیش کی جانے والی 27ویں آئینی ترمیم کی تجویز کو پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (CEC) میں پیش کیا جائے گا، اور فیصلہ وہیں مشاورت سے کیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ عوامی مسائل پر بات چیت ہو سکتی ہے، تاہم 27ویں ترمیم کو عوامی مفاد کے تناظر میں بھی دیکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے، اگر حکومت کسی معاملے پر اتفاق چاہتی ہے تو بات چیت ممکن ہے مگر اصولی موقف پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
