2023 میں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کن تنازعات کا شکار رہی؟

ہر سال کی طرح رواں برس بھی پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری تنازعات سے گھری رہی، کئی ڈراموں کو ان کے موضوعات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ متعدد شخصیات بھی اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہیں۔
ڈرامہ سیریل ‘تیرے بن’ کا متنازع سین، لکس سٹائل ایوارڈز کے فاتحین کے انتخاب پر تنقید ہو یا اداکار فیروز خان کا ساتھی اداکاروں کے نمبرز سوشل میڈیا پر ڈالنے کا واقعہ، اس سال سوشل میڈیا پر شوبز سے متعلق کئی موضوعات ٹاپ ٹرینڈ رہے۔
تو چلیں جاننے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ کون سے تنازعات ہیں جن کی وجہ سے 2023 کو یاد رکھا جائیگا، ’’تیرے بن‘‘ 2023 کے کامیاب ڈراموں میں سے ایک ہے جس میں وہاج علی اور یمنیٰ زیدی کی اداکاری کو کافی پسند کیا گیا البتہ ڈرامے کی آخری چند اقساط کو شائقین نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈرامے کی 46ویں قسط کے آخر میں مرکزی کرداروں میرب اور مرتسم کے درمیان ’’میریٹل ریپ‘‘ کا ایک سین دکھایا گیا جسے سوشل میڈیا صارفین نے غیر اخلاقی قرار دیا، اس متنازع سین کے نشر ہونے کے بعد اُٹھنے والے شور نے پروڈیوسرز کو مجبور کر دیا کہ وہ کہانی کو تبدیل کر کے لوگوں کا غصہ ٹھنڈا کریں۔
اسی ڈرامے کے ہدایت کار سراج الحق نے آگے جاکر ایک اور ڈرامے ’’سکون‘‘ میں بھی دو کرداروں کے درمیان ’’میریٹل ریپ‘‘ کا سین دکھایا اور اسے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ڈرامہ سیریل ’’حادثہ‘‘ کی کہانی کو سن 2020 میں ہونے والے موٹروے ریپ کیس سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اگست کے آخر میں ڈرامے کی نشر ہونے والی قسط میں دکھایا گیا تھا کہ موٹر وے پر ایک خاتون کو ان کے بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس قسط کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی آواز اٹھائی۔ڈرامے میں مرکزی کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا تھا لیکن ان کی وضاحت بھی شائقین کا غصہ نہ کم کرسکی اور پیمرا نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرامے پر پابندی لگا دی تھی۔تاہم بعد میں اسے دوبارہ نشر کرنے کی اجازت مل گئی تھی۔
ڈرامہ سیریل مائی ری مختلف وجوہات کی بنا پر سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنا۔ پہلے ڈرامے میں چائلڈ میرج دکھانے پر صارفین نے غصے کا اظہار کیا بعدازاں ڈرامے میں کم عمر لڑکی کو حاملہ دکھانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب تنقید کی گئی۔مصنفہ ثنا فہد کا لکھے گئے اس ڈرامے کی کہانی کم عمری میں شادی کے گرد گھومتی ہے جس میں مرکزی کردار عینی (عینا آصف) کو 15 برس کی عمر میں حاملہ دکھایا گیا تھا۔
سال کے آغاز میں پاکستانی اداکار فیروز خان خبروں میں اس وقت آئے جب انہوں نے ایک ایسی عدالتی دستاویز سوشل میڈیا پر شئیر کی جس میں ان کے خلاف سوشل میڈیا پر بات کرنے والے تمام ساتھی اداکاروں کے موبائل نمبرز درج تھے۔اس متنازع پوسٹ میں عثمان خالد بٹ، یاسر حسین اور منیب بٹ سمیت کئی اداکاروں کے موبائل نمبرز موجود تھے۔ جب منیب بٹ نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کیا تو فیروز خان نے اپنی اس پوسٹ پر معافی مانگ لی۔
ٹی وی اور فلم کے کئی اداکاروں نے رواں برس ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز پر بھی کافی تنقید کی۔ایک ہی اداکارہ کو کریٹکس ایوارڈ کے ساتھ ساتھ ویورز چوائس ایوارڈ دینے پر اسی کیٹیگری میں نامزد ہونے والی سجل علی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی جس میں انہوں نے ایوارڈ دینے والوں پر تنقید کی۔اسی طرح اداکار فرحان سعید نے بھی ایوارڈ منتظمین پر الزام لگایا کہ انہوں نے میرٹ کے بجائے ذاتی پسند کو ترجیح دی۔
یاد رہے کہ فرحان سعید فلم اور ٹی وی دونوں کی بہترین اداکار کی کیٹیگری میں نامزد ہوئے تھے لیکن ان کی جگہ ٹی وی ایوارڈ بلاگر سے اداکار بننے والے ارسلان نصیر اور فلم ایوارڈ فیروز خان کو دیا گیا گیا۔چوبیس سالہ پاکستانی ماڈل ایریکا رابن نے اس سال مس یونی ورس کے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔
مقابلہ حسن میں ان کی شرکت کو جہاں کئی لوگوں نے سراہا وہیں بعض نے ان پر تنقید بھی کی۔مس یونیورس کے لیے پاکستانی ماڈل کا انتخاب: ‘بکینی پہنوں گی نہ کچھ ایسا کروں گی جس سے ملک پر بات آئے، جماعتِ اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر پاکستانی خاتون کے منتخب ہونے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے میں شرکت پاکستان کی توہین اور خواتین کا استحصال ہے۔
البتہ مقابلے میں ایریکا کے ثقافتی لباس کے انتخاب پر حوصلہ افزائی بھی کی گئی تھی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کو اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ایک ٹی وی پروگرام کے دوران انہیں سابق ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور ان کی اہلیہ نینا گپتا سے متعلق نامناسب بات پر قہقہہ لگاتے دیکھا گیا، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سر ویوین رچرڈز اور نینا گپتا کی بیٹی اداکارہ مسابا گپتا نے رمیز راجا کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

Back to top button