2022 میں گھر بسانے اور اجاڑنے والی معروف جوڑیاں

گزرے سال 2022 میں جہاں بہت ساری معروف شوبز شخصیات نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہو کر اپنے گھر بسائے تو وہیں بہت سارے گھر اجڑ بھی گئے۔ ماڈل اور اداکارہ اریبہ حبیب نے 2021 کے آخری دن نکاح کر کے جہاں نئی زندگی کا آغاز کیا، وہیں 2022 کے آغاز میں ولیمے کی تقریب منعقد کر کے شادی کو یادگار بنایا۔ اس سے پہلے اداکار آرز احمد اور حبا بخاری نے 2022 کے پہلے ہی ہفتے شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا، اداکارہ صبور علی اور علی انصاری نے بھی 2022 کے پہلے ہی ہفتے شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کی بیٹی نوجوان اداکارہ مینا طارق نے بھی اپنے دیرینہ دوست عمران شیخ سے جنوری 2022 میں شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے شہرت حاصل کرنے والے سٹارز کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر نے نکاح کے ایک سال بعد جنوری 2022 میں شادی کر لی تھی۔

مذہبی سکالر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے فروری 2022 میں خود سے 31 برس کم عمر دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی۔ اس سے پہلے انہوں نے پہلی شادی ڈاکٹر بشریٰ اقبال اور دوسری طوبیٰ انور سے کی تھی لیکن دونوں ختم ہو گئیں۔ لیکن عامر لیاقت تیسری شادی کے تین ماہ بعد اچانک پراسرار حالات میں جون 2023 میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے تھے۔ عامر کے خلاف خلع کا دعویٰ دائر کرنے والی انکی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ نے ان کے پوسٹ مارٹم کیلئے عدالت میں درخواست دی تھی لیکن ان کی پہلی بیوی بشری ٰاقبال کی مخالفت کی وجہ سے ایسا نہ ہو سکا اور انکی موت کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا۔

پاکستانی نژاد جرمن ماڈل صوفیا خان اور المعروف فیا خان نے روایتی انداز میں شادی کرنے کے تین سال بعد ترک نژاد شوہر کے ساتھ مارچ 2022 میں جرمنی میں کورٹ میرج کی۔ اداکارہ مریم نفیس نے مارچ 2022 میں اپنے دیرینہ دوست فوٹو گرافر امان احمد کے ساتھ شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا۔ میرے پاس تم ہو، غلطی، خدا اور محبت‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہربانو نے اکتوبر 2022 میں شادی کر کے نئی زندگی کا آغاز کیا، انہوں نے کیپشن کے بغیر ہی شادی کی تصاویر شیئر کرکے رشتہ ازدواج میں بندھنے کی تصدیق کی تھی۔

سابق نیوز کاسٹر، ٹی وی میزبان، اور صحافی ریحام خان نے دسمبر کے آخری ہفتے میں تیسری شادی کرکے سب کو حیران کیا۔ ریحام نے 23 دسمبر کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی کہ انہوں نے خود سے 13 برس کم عمر بلال مرزا نامی شخص سے شادی کر لی ہے جو کہ امریکہ میں مقیم ہیں، یہ ریحام اور بلال دونوں کی تیسری تیسری شادی ہے۔ ریحام خان نے دوسری شادی جنوری 2015 میں عمران خان سے کی تھی مگر دس ماہ بعد اکتوبر میں ان کی طلاق ہوگئی تھی، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی نژاد برطانوی شخص سے کی تھی، جن سے انکے جواں سالہ بچے بھی ہیں۔

وڈیرے کا بیٹا اور تاڑو ماڑو‘ جیسے گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار اور کامیڈین علی گل پیر نے بھی اپنی دیرینہ دوست ڈاکٹر سے سال کے اختتامی ہفتے میں شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کیا، انہوں نے ڈاکٹر عظیمہ نکھوڈا سے شادی کی۔اداکارہ و ماڈل روبیا چوہدری نے اپنی طلاق کے دو سال بعد 2022 کے آخر میں خاموشی سے دوسری شادی کی جسے انہوں نے محبت کو دوسرا موقع دینے کا نام دیا، انہوں نے پہلی شادی بھی خاموشی سے 2016 میں موسیقار میکال حسن کے ساتھ کی تھی، ان کے دوسرے شوہر عمیر ڈار بھی موسیقار ہیں۔

سابق کرکٹر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی بڑی بیٹی اقصیٰ آفریدی نے 2022 کے آخری دو دنوں میں شادی کر کے اپنی شادی کو یادگار بنایا، ان کی شادی کی تقاریب کراچی میں منعقد ہوئیں، جس میں کئی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔

Back to top button