حکومت کا فحاشی کیخلاف ایکشن،شالیمار تھیٹر دوبارہ سیل 

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کاکہنا ہے کہ پنجاب حکومت کا سٹیج تھیٹرز میں ہونے والے فحش اور بیہودہ مجروں کے خلاف ایکشن اب اگلے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جسکے بعد بیدیاں روڈ لاہور پر واقع شالیمار تھیٹر دوبارہ سیل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے عائد کردہ پابندی کے باوجود شالیمار تھیٹر میں مجرے جاری تھے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اسسٹنٹ کمشنر لاہور کینٹ نے فوری کاروائی کے بعد تھیٹر سیل کر دیا۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام تھیٹر مالکان کو وارننگ لیٹرز جاری کر دیے گے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کونسل آف آرٹس کی جانب سے تمام سٹیج ڈراموں کے سکرپٹس کی منسوخی کے بعد اب ڈراموں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھاکہ ڈرامیٹک ایکٹ 1876 میں ترامیم کی منظوری تک کسی تھیٹر میں کوئی ڈرامہ نہیں دکھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹرز میں ڈراموں کی نمائش کے لیے پہلے سکرپٹ کی منظوری لازمی شرط ہوگی۔

عامر میر کاکہنا تھاکہ رامے کی نمائش سے قبل اس کی فل ڈریس ریہرسل کروائی جائے گی جسے خود حکومتی نمائندگان کلئیر کریں گے۔ سکرپٹ اور تھیٹر میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ ایس او پیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی سٹیج ڈرامے میں مجرے اور ڈانس کی اجازت نہیں ہوگی۔ڈرامہ ایکٹ میں ترامیم کا عمل 10 دن میں مکمل ہو جائے گا۔

Back to top button