امریکا آبنائے ہرمز کھلوانے کےلیے نیا عالمی اتحاد بنانے کےلیے متحرک

آبنائے ہرمز کھلوانے میں ناکام امریکا نیا عالمی اتحاد قائم کرنے کےلیے متحرک ہوگیا ہے۔
امریکا نے آبنائے ہرمز میں رکی ہوئی تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کےلیے نئے عالمی اتحاد کی تشکیل کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہدایات میں کہاگیا ہےکہ متعلقہ ممالک کو ایک نئے معاہدے کےلیے راغب کریں تاکہ اہم آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق اس مجوزہ اتحاد کو ’میری ٹائم فریڈم کنسٹرکٹ‘ کا نام دیا گیا ہے،جس کے تحت رکن ممالک کے درمیان معلومات کا تبادلہ،سفارتی سطح پر ہم آہنگی اور پابندیوں کے نفاذ میں تعاون شامل ہوگا۔
ایران سے فون پر مذاکرات کا عمل جاری ہے : صدر ڈونلڈ ٹرمپ
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ کی جانب سے چند ہفتے قبل آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھلا اور کاروبار کےلیے تیار قرار دینے کے باوجود اس اہم راستے میں جہازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے،جس کےبعد امریکی انتظامیہ نے یہ نیا اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
