’’ایشا دیول کا 12 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان‘‘

معروف بالی ووڈ سٹار ایشا دیول نے شادی کے 12 سال بعد شوہر بھارت تختائی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے، ایشا ماضی کی مقبول اداکارہ ہیما مالنی اور اداکار دھرمیندر کی بیٹی اور اداکار سنی دیول اور بوبی دیول کی سوتیلی بہن ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایشا دیول اور ان کے شوہر نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے ہاہمی رضامندی کے ساتھ ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ہم دونوں کے الگ ہوجانے کے بعد ہمارے بچوں کی بھلائی ہماری اولین ترجیح ہوگی، ہماری پرائیویسی کا احترام کریں، ایشا دیول کی شادی 2012 میں بزنس مین بھارت تختانی کے ساتھ ہوئی تھی، ان دونوں کی پہلی بیٹی رادھیا 2017 میں پیدا ہوئی اور دوسری بیٹی 2019 میں پیدا ہوئی تھی۔ گزشتہ سال جون میں ایشا نے اپنی شادی کی سالگرہ منائی تھی، تاہم جوڑے کے درمیان طلاق کی افواہیں اس وقت شروع ہوئیں جب گزشتہ سال بیٹی کی سالگرہ کی تقریب میں بھارت تختانی موجود دکھائی نہیں دیئے تھے۔2020 میں شائع ہونے والی ’’پیرنٹنگ‘‘ کے بارے میں اپنی کتاب میں اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد انہیں نظرانداز کرنے لگے تھے، دوسرے بچے کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ بھارت تختانی مجھے نظرانداز کر رہے ہیں اور چڑچڑاپن محسوس کر رہے ہیں اور مجھے توجہ نہیں دے رہے۔واضح رہے کہ ایشا دیول بالی ووڈ کی نامور اداکارائوں میں شمار ہوتی ہیں، جنھوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 2002 میں فلم ’’کوئی میرے دل سے پوچھے‘‘ سے کیا، 2005 میں ان کی ڈرائونی فلم ’’کال‘‘ ریلیز ہوئی جبکہ 2004 میں اداکارہ کی فلم ’’دھوم‘‘ نے خوب مقبولیت حاصل کی، اداکارہ نے 2022 میں سٹریمنگ سیریز ’’رودرا دی ایج آف ڈارکنس‘‘ سے فلم انڈسٹری میں کم بیک کیا، جبکہ 2023 میں ان کی فلم ’’ہنٹر ٹوٹے گا نہیں توڑے گا‘‘ ریلیز ہوئی جس کو کافی پسند کیا گیا۔
