3آئل ٹینکر امریکی ناکہ بندی توڑتےہوئے ایران پہنچ گئے

3 ایرانی آئل ٹینکرز نے امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرلی ہے۔ان ٹینکرز کو ایران کی آئل اسٹوریج میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایران کی تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
آئل شپمنٹ کی نگرانی کرنے والی کمپنی ٹینکر ٹریکرز کے مطابق تینوں ٹینکرز نے ناکہ بندی توڑنے کے لیے مختلف حکمت عملیاں اپنائیں۔
ایک ٹینکر نے اپنا خودکار ٹریکنگ سسٹم بند کر دیا، دوسرے ٹینکر پر ایرانی پرچم کی جگہ روسی پرچم لہرایا گیا، جبکہ تیسرے نے عمان کے ساحلی راستے کا استعمال کیا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی کو ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کئی بار دعویٰ کر چکے ہیں کہ خارگ جزیرے پر ایران کی تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہو چکی ہے تاہم ٹینکر ٹریکرز کی نگرانی کے مطابق ایران کے پاس اب بھی ایک ماہ سے زائد کا عرصے تک تیل ذخیرہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
