پاک بحریہ کے 3 افسران کی ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی

پاک بحریہ کے کموڈور محمد شاہنواز خان، کموڈور عاصم سہیل ملک اور کموڈور سہیل احمد عزمی کو ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

پاک بحریہ کے تینوں افسران کو ان کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ریئر ایڈمرل محمد شاہنواز خان نے 1993 میں سپلائی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔

اپنے کیریئر کے دوران وہ مختلف اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں سے وابستہ رہے، جن میں کمانڈنگ آفیسر جنرل سٹورز ڈپو، کمانڈنگ آفیسر پی این ایس رضا، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ (نیوی)، نیوی وار کالج لاہور میں ڈائریکٹنگ سٹاف، نیول ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر پے، پنشن اینڈ اکاؤنٹس اور اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (ایجوکیشن) شامل ہیں۔

اس وقت وہ منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن اسلام آباد میں ڈائریکٹر جنرل میونیشن پروڈکشنز کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

ریئر ایڈمرل عاصم سہیل ملک نے 1995 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں اور بین الاقوامی کورسز بھی مکمل کر چکے ہیں، جن میں بنگلہ دیش سے ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ سٹاف کورس اور چین سے ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک سٹڈیز کورس شامل ہیں۔

ریئر ایڈمرل سہیل احمد عزمی نے 1996 میں آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ رائل نیول کالج ڈارٹ ماؤتھ، پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں۔

Back to top button