وفاقی وزرا سمیت 318 اراکین اسمبلی و سینیٹرز کی رکنیت معطل

الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر318 اراکین پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی۔ معطل شدہ پارلیمنٹرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے۔ اس متعلق الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریز کو آگاہ بھی کردیا۔ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 70 ممبران قومی اسمبلی اور 12 سینیٹرز کی رکنیت معطل کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 115 ممبران پنجاب اسمبلی، 60 ممبران خیبرپختونخوا اسمبلی، 40 ممبران سندھ اسمبلی اور 21 ممبران بلوچستان اسمبلی کی رکنیت بھی معطل کی۔
جن ارکان کی رکنیت معطل ہوئی ان میں وفاق وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وزیر مملکت زرتاج گل وزیر، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری، وفاقی وزیر فواد چوہدری، صداقت عباسی، عامر کیانی، ثناءاللہ مستی خیل، فرخ حبیب، راجا ریاض، طارق بشیر چیمہ، عامر لیاقت حسین، عالمگیر خان، عبدالقادر پٹیل، برجیس طاہر اور راجا پرویزاشرف، سینیٹر حاصل بزنجو، سینیٹر مصدق ملک اور پیر صابر شاہ بھی شامل ہیں
پنجاب اسمبلی سے حامد یار ہراج، بلال یاسین، بلال فاروق تارڑ اور چوہدری نثار علی خان نے بھی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ پنجاب اسمبلی کے اویس لغاری اور دوست محمد مزاری کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی۔
الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی سے سردار یار محمد رند اور ثنا اللہ بلوچ کی رکنیت بھی معطل کر دی۔
