اسرائیلی حملوں میں ایک دن میں 87 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے غزہ سٹی اور دیگر علاقوں میں شدید بمباری جاری رکھی جس کے نتیجے میں مزید 87 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں سے 70 افراد صرف غزہ سٹی میں جاں بحق ہوئے۔
فلسطینی سول ڈیفنس کے مطابق، غزہ کے الصبرہ محلے میں دغموش خاندان کے گھر پر فضائی حملے میں 11 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
یہ کارروائیاں ایسے موقع پر کی جا رہی ہیں جب آسٹریلیا، بیلجیم، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 10 ممالک پیر کے روز باضابطہ طور پر آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں، جس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے قبل بڑی سفارتی ہلچل متوقع ہے۔
اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی اور بلند عمارتوں کو منہدم کرنے کی مہم میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ فوج کے مطابق پچھلے دو ہفتوں کے دوران تقریباً 20 ٹاور بلاکس تباہ کیے گئے، جبکہ اندازاً 3 لاکھ 50 ہزار افراد غزہ سٹی سے نکلنے پر مجبور ہوئے، تاہم اب بھی 6 لاکھ سے زائد شہری شہر میں محصور ہیں۔
ادھر حماس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کی جانیں خطرے میں ہیں کیونکہ اسرائیل کی پیش قدمی اور فضائی بمباری نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک ہتھیار نہیں ڈالے گی جب تک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں نہیں آتا۔
