90 فیصد پاکستانیوں نے حکومت کو مہنگائی کا میڈل دے دیا


ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ملک گیر پرسیپشن سروے میں 90 فیصد پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کی حکومت کو مہنگائی کا میڈل دے دیا ہے۔ سروے کے مطابق 90 فیصد سے زیادہ پاکستانیوں کا خیال ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پچھلی حکومتوں کے مقابلے میں مہنگائی اور عام استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے 2021 کے نتائج کے مطابق 92.9 فیصد پاکستانی موجودہ پی ٹی آئی حکومت میں مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کو تاریخی اور تکلیف دہ سمجھتے ہیں، یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں یہ شرح 4.6 فیصد تھی جبکہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مہنگائی کی شرح 2.5 فیصد تھی۔اس کے علاوہ سروے میں شامل 85.9 فیصد لوگوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران ان کی آمدنی میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔
سروے کے دوران جب عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری کی وجوہات کے بارے میں پوچھا گیا تو 50.6 فیصد لوگوں نے حکومتی نااہلی، 23.3 فیصد نے کرپشن، 16.6 فیصد نے پالیسی پر عمل درآمد نہ ہونے اور 9.6 فیصد نے حکومتی معاملات میں سیاستدانوں کی بےجا مداخلت کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
سروے کے جواب دہندگان کی اکثریت یعنی 85.9 فیصد کا خیال تھا کہ وفاقی حکومت کی خود احتسابی غیر تسلی بخش ہے۔ ان میں سے 66.8 فیصد نے حکومت کی احتساب کی مہم کو جزوی اور نامکمل قرار دیا۔ سروے کے مطابق 41.4 فیصد پاکستانیوں نے پولیس کو سب سے کرپٹ شعبہ قرار دیا۔ اسکے بعد 17.4 فیصد لوگ نے عدلیہ کو کرپٹ ترین قومی ادارہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 180 روپے کا ہو گیا
جب لوگوں سے ان اقدامات کے بارے میں پوچھا گیا جن سے کرپشن کو کم کیا جاسکتا ہے تو 41 فیصد پاکستانیوں نے سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا، 34.6 فیصد نے کہا کہ نیب کی جانب سے بدعنوانی کے مقدمات کو تیز کرنے کر کے سرکاری افسران کا احتساب کیا جائے، جبکہ 25.3 فیصد نے کہا کہ بدعنوانی میں سزا پانے والوں پر سرکاری عہدہ رکھنے پر مکمل پابندی عائد کرنے سے کرپشن کم ہو سکتی ہے۔

Back to top button