شہروز نے سائرہ کو چھوڑ کر صدف سے شادی کیوں کی؟

اپنی پہلی اہلیہ اداکارہ سائرہ یوسف کو طلاق دے کر اس کی دوست اور ماڈل صدف کنول سے شادی کرنے والے معروف اداکار شہروز سبزواری نے اعتراف کیا ہے کہ انکے صدف سے رومانوی تعلقات ایک ایوارڈ شو میں ساتھ ڈانس پرفارمنس دیتے ہوئے پروان چڑھے جس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ ان کی اپنی اپنی اہلیہ کے ساتھ تعلقات سرد مہری کا شکار تھے۔
دوسری طرف صدف کا کہنا ہے کہ انہوں نے شہروز سبزواری کو دیکھتے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ یہی وہ مرد ہے جس سے میں نے شادی کرنی ہے یہی ان کے بچوں کے باپ بھی بنیں گے۔ تاہم صدف کے اس موقف ہر انٹرویو کرنے والے نے یہ سوال کرنا مناسب نہیں سمجھا کہ جب صدف جانتی تھیں کہ سائرہ یوسف ان کی اچھی سہیلی ہیں اور شہروز ان کے شوہر ہیں تو پھر انہوں نے اپنی سہیلی کے گھر میں نقب کیوں لگائی۔
صدف اور شہروز نے ایک ٹی وی پروگرام ’دی کپل شو‘ میں شرکت کرتے ہوئے اپنی محبت کی کہانی تفصیل سے بیان کی۔شو کی میزبانی اداکار آغا علی اور ان کی اداکارہ اہلیہ حنا الطاف نے سر انجام دی۔ ’دی کپل شو‘ میں صدف کنول اور شہروز سبزواری نے جہاں ایک دوسرے سے تعلقات استوار ہونے کی کہانی کھل کر بات کی، وہیں دونوں نے شادی کے بعد کھڑے ہونے والے مسائل پر بھی بات کی۔ شہروز اور صدف نے بتایا کہ دونوں کا ایک ہی انڈسٹری سے تعلق ہونے کی وجہ سے دونوں ایک دوسرے کو کام کے حوالے سے مشورے دیتے ہیں اور ایک دوسرے کے کام پر تنقید بھی کرتے ہیں۔
شہروز نے انکشاف کیا کہ زیادہ جھگڑا صدف کرتی ہیں جب کہ جھگڑے کے بعد پہلے معافی وہ مانگتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد دونوں کو ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں کا مذید علم ہوا۔ صدف کنول کے مطابق انہیں شادی کے بعد احساس ہوا کہ شہروز ان کی سوچ سے زیادہ میچوئر ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ پہلی بار کب ملے اور انہیں پیار کیسے ہوا تو شہروز نے بتایا کہ پہلی بار ان دونوں نے ایک ایوارڈز شو میں اکٹھے پرفارمنس دی تھی، اور تب ہی ان کی پہلی قریبی ملاقات ہوئی تھی۔ شہروز سبزواری کے مطابق ایوارڈ شو میں پرفارمنس کے دوران قریب آنے کے بعد دونوں میں دوستی ہوئی مگر اس وقت ان کے ذہن میں کوئی دوسرا خیال نہیں تھا۔
شہروز سبزواری نے دعویٰ کیا کہ جب ان دونوں کی دوستی کو لوگوں نے ایک غلط رنگ دیا تو دونوں کو خیال آیا کہ وہ لوگوں کی جانب سے دیے گئے مشورے پر عمل کر سکتے ہیں۔
اس دوران شہروز نے ہنستے ہوئے لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں نے انہیں یہ قیمتی ائیڈیا دیا کہ وہ صدر کو اپنا جیون ساتھی بنانے کے بارے میں سوچتے۔ شہروز نے بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ انہیں صدف کنول کی سب سے اچھی بات ان کی سچائی لگتی ہے، کیوں کہ وہ جس فیلڈ سے تعلق رکھتے ہیں، اس میں خواتین کی سچائی زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ شہروز نے اعتراف کیا کہ شوبز کے مرد چاہے کتنے بھی روشن خیال کیوں نہ ہوں مگر چوں کہ ہم لوگوں کا تعلق پاکستان سے ہی ہے تو سماج کا کچھ نہ کچھ اثر ہم پر ضرور ہوتا ہے، اس لیے بطور مرد انہیں صدف کی سچائی اچھی لگی۔
جب سے پوچھا گیا کہ انہوں نے شہروز کی کن خوبیوں کی وجہ سے ان کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کیا تو اداکارہ نے بتایا کہ انہیں نہیں معلوم کہ انہیں شہروز کی کیا بات اچھی لگی۔ لیکن صدف نے اعتراف کیا کہ شہروز کو دیکھتے ہی انہوں نے سوچ لیا تھا کہ یہی وہ مرد ہیں، جن سے انہوں نے شادی کرنی ہے اور ان کو اپنے بچوں کا باپ بنانا ہے۔ صدف کنول نے مزید وضاحت کی کہ بچوں سے ان کا مطلب ہے کہ مستقبل میں جو بچے ہوں گے، ان کے والد شہروز ہی ہوں گے۔
بچوں کے ذکر پر میزبان آغا علی نے صدف سے پوچھا کہ کہاں ہیں وہ بچے؟ تو صدف نے بتایا کہ وہ جلد آ جایئں گے۔
خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل شہروز سبزواری نے پہلی بیوی اداکارہ سائرہ یوسف کو مارچ 2020 میں انکے مطالبے پر طلاق دے دی تھی۔ صدف کنول اور شہروز سبزواری کے درمیان تعلقات کی خبریں آنے کے بعد ہی سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری میں کشیدگی پیدا ہوئی تھی۔ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی ایک 7 سالہ بیٹی نورے بھی ہے۔
