اداکار فیصل قریشی، فلمسٹار شان کے مشکور کیوں ہیں؟

معروف اداکار فیصل قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ مشکل وقت میں مدد کرنے پر فلمسٹار شان کے بہت مشکور ہیں، فیصل قریشی کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں سینئر اداکار کا شکریہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔فیصل قریشی کی جانب سے حال ہی میں محب مرزا کے شو میں کی جانے والی گفتگو کی مختصر کلپ وائرل ہوگئی، جس میں صارفین نے بھی شان شاہد کی تعریفیں کیں، مختصر ویڈیو کلپ میں سینئر اداکار نے بتایا کہ ماضی میں جب ان کے کیریئر کا آغاز تھا اور وہ فلموں کے لیے کام کرتے تھے تو ان کے پاس پہننے کیلئے اچھے کپڑے تک نہیں ہوتے تھے، اگرچہ وہ مشکل وقت تھا لیکن ان کے پاس کھانے کے پیسے ادھر ادھر سے آ جاتے تھے لیکن کپڑے خریدنے کے پیسے ان کے پاس نہیں ہوتے تھے۔فیصل قریشی نے بتایا کہ وہ ایک دن فلم کے گانے کی شوٹنگ میں مصروف تھے کہ اس دن انہیں سیٹ پر شان شاہد ملے اور ان سے پوچھا کہ وہ کیا کر رہے ہیں؟ انہوں نے شان کو بتایا کہ وہ ایک فلم کے گانے کی شوٹنگ کیلئے آئے ہوئے ہیں، جس پر شان نے فیصل قریشی کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ٹی شرٹ تبدیل کرے، اس کے اوپر لیدر جیکٹ بھی پہنیں کیوںکہ شوٹنگ کچھ وقت چلے گی لیکن فلم پوری زندگی چلتی رہے گی، اس لیے وہ اچھا لباس پہن کر جائیں۔فیصل قریشی نے بتایا کہ انہوں نے شان کو بتایا کہ ان کے پاس جیکٹ اور دوسرے کپڑے نہیں، اس پر اداکار نے انہیں اپنا لباس دیا، شان شاہد نے انہیں اپنا لیدر کا جیکٹ دیا، انہیں اپنی ٹی شرٹ دی اور ان کی شرٹ ان سے لے کر خود پہن لی، انہوں نے شان شاہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اداکار کی مشکل وقت میں مدد کی اور شاید یہ بات شان شاہد کو یاد بھی نہیں ہوگی۔وائرل ویڈیو میں فیصل قریشی نے شان شاہد کا شکریہ ادا کیا جب کہ صارفین نے بھی مشکل وقت میں اداکار کی مدد کرنے پر شان کی تعریفیں کیں۔

Back to top button