ترقی کےلیے سیاسی استحکام ضروری ہے، چینی وزیر لیوجیان چاؤ

چینی کمیونسٹ پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا ہے کہ  پاکستان اور چین کے اداروں اور سیاسی جماعتوں کو مل کر چلنا ہے، ترقی کے اہداف کےلیے سیاسی استحکام ضروری ہے۔ سی پیک دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہے، سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاک چین دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاک چین مشاورتی میکانزم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی وفد کو خوش آمدید کہتے ہیں، چینی وزیر کا دورہ باہمی اعتماد میں اضافے کا باعث ہے، چینی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے روابط کا حصہ ہے۔ نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار نے  مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک پارٹرشپ ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر لیوجیان چاؤ نے کہا کہ مشترکہ مشاورتی میکنزم کے اجلاس کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، پاکستان اور چین کی ترقی دونوں ممالک کےلیے فائدہ مند ہوگی، چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو اہمیت دیتی ہے۔ چینی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاہدوں سے ترقی کے نئے موقع پیدا ہوں گے مگر ترقی کےلیے اندرونی استحکام ضروری ہے، سرمایہ کاری کےلیے سیکیورٹی صورت حال کو بہتر بنانا ہوگا، بہتر سیکیورٹی سے تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔

Back to top button