پاکستان جلددنیاکی بہترین معیشتوں میں شامل ہوگا،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کاکہنا ہے کہ اعداد و شمار یہ بتارہے ہیں کہ پاکستان اڑان بھر چکا ہے، پاکستان دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کالاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھاکہ دنیا کے مالیاتی ادارے آج پاکستان کی تعریف کررہے ہیں، ملک میں مہنگائی نچلی ترین سطح پر آچکی ہے۔بجلی کی قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کا پہیہ چلے گا، جس سے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے، ان شا اللہ پاکستان کی معیشت مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ملکی تاریخ میں بہت کم ایسا دیکھنے میں آیا ہے کہ بیک وقت مہنگائی بھی کم ہورہی ہو، اسٹاک مارکیٹ بھی اوپر جارہی ہو، اور بجلی بھی سستی ہوجائے، اڑان پاکستان کے تحت ان شا اللہ پاکستان ٹیک آف کرے گا اور اپنے ہمسایوں کو پیچھے چھوڑے گا۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے 7 روپے 41 پیسے اور صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے کا ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد تمام گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ 38 روپے 37 پیسے فی یونٹ ہوگیا تھا، اسی طرح صنعتی صارفین کے لیے 7 روپے 59 پیسے فی یونٹ کمی کے بعد بجلی کا فی یونٹ 40 روپے 60 پیسے کا ہوگیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں فراہم کیا گیا ریلیف عارضی ہے، جسے سہہ ماہی ایڈجسٹمٹ کی مد میں فراہم کیا گیا ہے، جو اپریل تا جون کے بلوں پر نافذ العمل ہوگا، تاہم بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔