پی ٹی آئی کیخلاف کارروائیاں عروج پر ہیں ، آخری دم تک لڑیں گے ، علی امین

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف انتقامی کارروائیاں اپنے عروج پر ہیں، لیکن ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں۔ پاکستان اور آزادی کی جنگ آخری سانس تک لڑیں گے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین و قانون کا وجود تقریباً ختم ہو چکا ہے، عوامی نمائندوں کو بلاجواز نااہل قرار دے کر ان کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی سے مینڈیٹ چوری کیا گیا، اور فارم 47 کی بنیاد پر ایک "مانگی ہوئی” حکومت قوم پر مسلط کی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ سابق حکومتوں کی کرپشن کو پی ٹی آئی کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔ کوہستان اسکینڈل وفاق کا معاملہ ہے، لیکن اس کا الزام خیبر پختونخوا حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے صوبے کا چارج سنبھالا تو خیبر پختونخوا قرضوں میں ڈوبا ہوا تھا اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں تک کے لیے پیسے نہیں تھے، مگر ہم نے صوبے کو مالی بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈال دیا۔
وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ 17 ماہ میں خیبر پختونخوا نے 250 ارب روپے سے زائد آمدنی حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔ مزید یہ کہ قرضوں کی ادائیگی کے لیے 190 ارب روپے کا انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، جس کا ہدف 300 ارب روپے مقرر ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبر پختونخوا اب شفافیت، خدمت اور ترقی کے لحاظ سے پورے ملک کے لیے مثال بن چکا ہے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنا بنیادی ہدف ہے۔ جرگہ سسٹم کو مزید وسعت دی جائے گی اور عوامی رائے کو فیصلوں میں مرکزی حیثیت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس اور فوج کے شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ جرگوں اور عوامی مشاورت سے مضبوط حکمت عملی تیار کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ "رجیم چینج” کے بعد پی ٹی آئی حالتِ جنگ میں ہے، ریاست مخالف قوتیں سرگرم ہیں، لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔ تمام تر انتقامی اقدامات کے باوجود ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
