خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،30خارجی ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 30 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،8 زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آرنے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت میں آپریشن کیا،18 دہشتگرد مارے گئے جبکہ 6 خوارج زخمی ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ضلع کرک میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے نتیجے میں 8 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 خوارج مارے گئے، جن میں رنگ لیڈر خارجی رہنما عزیز الرحمن، قاری اسمٰعیل اور خارجی مخلص شامل تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 2 خوارج زخمی بھی ہوئے۔مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں کے ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
آئی ایس پی آر نےبتایا تھا کہ 22/23 جنوری کی رات کو خارجی دہشت گردوں کا ایک گروپ پاکستان-افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ٹریس کیا اور مؤثر طریقے سے خارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔
