اداکارہ سارہ خان، سلمان خان کیساتھ کیوں کام کرنا چاہتی ہیں؟

معروف پاکستانی اداکارہ سارہ خان نے بالی ووڈ دبنگ خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے، اداکارہ کے مطابق اگر انہیں بھارت میں کام کی پیش کش ہوئی تو وہ وہاں جاکر ضرور کام کریں گی اور وہ چاہتی ہیں کہ وہ سلمان خان کے ساتھ کام کریں۔سارہ خان نے حال ہی میں انڈیا ٹوڈے کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنے شوبز کیریئر سمیت بالی ووڈ پر بھی کھل کر بات کی، جب ان سے بالی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو اداکارہ نے اعتراف کیا کہ وہ بالی ووڈ کی فلمیں دیکھ کر ہی بڑی ہوئیں اور بالی ووڈ بہت بڑی انڈسٹری ہے، انہوں نے بالی ووڈ میں کام کرنے کی حامی بھرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں بھارت میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تو وہ وہاں ضرور کام کریں گی، ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ دوسری جگہ اور دوسری انڈسٹری میں جاکر کام کرے اور اگر انہیں بھارت سے پیش کش ہوتی ہے تو وہ ضرور کام کریں گی اور انہیں خوشی ہوگی، ایک سوال کے جواب میں سارہ خان نے شرماتے ہوئے سلمان خان کا نام لیا اور کہا کہ وہ بالی ووڈ کے دبنگ ہیرو کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی، میزبان سے مسکراتے ہوئے درخواست بھی کی کہ وہ ان کا پیغام سلمان خان تک پہنچائیں۔واضح رہے کہ اداکارہ سارہ خان اور اداکار فلک شبیر جولائی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، شادی کے بعد اگرچہ سارہ خان کئی ڈراموں میں دکھائی دیں مگر حمل ٹھہرنے اور بچی کی پیدائش کے بعد وہ سکرین سے دور ہیں تاہم اداکارہ اشتہارات سمیت شوبز تقریبات میں دکھائی دیتی ہیں جبکہ وہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک رہتی ہیں۔اداکارہ بہت جلد بھارتی ڈرامے ’’عبداللہ پور کا دیوداس‘‘ میں بھی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی، نیا ڈراما’عبداللہ پور کا دیوداس‘ بھارتی چینل ’زندگی‘ پر نشر کیا جائے گا، کمال انجم شہزاد کی ہدایتکاری میں بننے والے ڈرامے ’عبداللہ پور کا دیوداس‘ کی
کہانی شاعرانہ مضوعات، محبت اور دوستی کے گرد گھومتی ہے۔
